۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
آغا سید حسن الموسوی الصفوی

حوزہ/ حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے عید الاضحی کی مناسبت سے عالم اسلام کے نام پیغام۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے عید الاضحی پر تمام مسلمانوں کو تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے اس عظیم مناسبت پر عالم اسلام کو اہم پیغام دیا۔

پیغام کا متن کچھ اس طرح ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

تاکہ وہ اپنے فوائد (بھی) پائیں اور (قربانی کے) مقررہ دنوں کے اندر اللہ نے جو مویشی چوپائے ان کو بخشے ہیں ان پر (ذبح کے وقت) اللہ کے نام کا ذکر بھی کریں، پس تم اس میں سے خود (بھی) کھاؤ اور خستہ حال محتاج کو (بھی) کھلاؤ پھر انہیں چاہئے کہ (احرام سے نکلتے ہوئے بال اور ناخن کٹوا کر) اپنا میل کچیل دور کریں اور اپنی نذریں (یا بقیہ مناسک) پوری کریں اور (اللہ کے) قدیم گھر (خانہ کعبہ) کا طوافِ (زیارت) کریں ۔القرآن سورۃ الحج

عید الاضحیٰ کے متبرک موقعہ پر فرزندان توحید کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے دین و ملت کی سربلندی اور عالم بشریت کی امن و سلامتی کے لئے دعا گو ہوں ماہ ذی الحجہ الحرام تاریخ انبیاؑ اور تاریخ اسلام کے حوالے سے متعدد ایمان افروز واقعات کا مہینہ ہے سب سے با عظمت واقعہ حضرت ابراہیم خلیل اللہ ؑ کا خواب اور ذبیع حضرت اسماعیل ؑ ہے جس میں اہل ایمان کے لئے ایک واضح پیغام پوشیدہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لئے ایک بندہ مومن بڑی سے بڑی قربانی کے لئے ہمہ وقت آمادہ رہتا ہے اپنے والد گرامی حضرت ابراہیم ؑ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے آپ ؑ کے فرزند نے جس صبر و رضا اور شعوری آمادگی کا مظاہرہ کیا اس کی مثال انسانی تاریخ میں نہیں مل سکتی ۔

حضرت اسماعیل ؑ کی یہ آمادگی اس احساس کا مظہر ہے کہ ایک اولاد کو اپنے والد کی اطاعت کے معاملے میں کس قدر سنجیدہ ہونا چاہئے قربانی اسماعیل ؑ کے اس ایمان افروز واقعہ میں ایک والد ایک فرزند اور ایک ماں کے کردار و جذبے کو اللہ تعالیٰ نے اس قدر پسند فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے ان تینوں برگزیدگان کے ہر عمل کو مسلمانوں کیلئے حج اکبر قرار دے کر اس قربانی کی یاد کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے زندہ رکھا۔عید الاضحی اور حج اکبر اسی ابراہیمی ؑ کردار و عمل کا تذکر اور تفکر ہے۔

اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ دنیا کو اب وبائی صورتحال سے نجات حاصل ہوئی اور تین سال کے وقفہ کے بعد عازمین حج کو فریضہ حج کی سعادت نصیب ہوئی ہے فرزندان توحید کی خدمت میں یہی گزارش ہے کہ نماز عید کے موقعہ پر مظلومین عالم بالخصوص ان برادران ایمانی کے حق میں دعا کریں جو ظالم قوتوں کے عذاب و عتاب کے شکار ہیں عید کے اس متبرک موقعہ پر مفلس و ناچار اور مسکین و مصیبت زدہ لوگوں کو راحت پہنچانے کی کوشش کریں۔اللہ تعالیٰ جملہ مسلمین کو اپنے حفظ و امان میں رکھیں اور ہم سب کو عید قربان کے فلسفہ و پیغام کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .