حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنو۔ گذشتہ سال کی طرح امسال بھی بارگاہ ام البنین سلام اللہ علیہا منصور نگر میں منعقد عشرہ مجالس کو مولانا سید علی ہاشم عابدی خطاب کر رہے ہیں۔
"امام حسین علیہ السلام کی شخصیت اور سیرت" کے عنوان سے منعقد عشرہ مجالس کی تیسری مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید علی ہاشم عابدی نے فرمایا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے آبائے کرام جناب عبداللہ سے حضرت آدم تک، امہات کرام جناب آمنہ سے جناب حوا تک سب کے سب مومن اور گناہ سے محفوظ تھے اسی لئے اللہ نے انہیں گوہر رسالت کا صدف بنایا۔ جناب عبداللہ ہوں یا جناب عبدالمطلب سب کی پیشانی نور رسالت سے منور تھی اور یہ ایسا الہی نور تھا جسے نہ دشمن بجھا سکے اور نہ چھپا سکے۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے فرمایا: زیارت وارثہ میں ہم پڑھتے ہیں کہ اے مولا حسین آپ کا نور ہمیشہ بلند ترین اصلاب اور پاکیزہ ارحام میں رہا۔ جس سے واضح ہوتا ہے کہ اللہ نے جس طرح گوہر رسالت کے لئے ہمیشہ پاکیزہ صدف کا اہتمام کیا اسی طرح نور ولایت کے لئے بھی اہتمام طہارت کیا۔ زیارت کا یہی فقرہ جناب ابوطالب علیہ السلام کے کامل الایمان اور محفوظ عن الخطا پر دلیل ہے۔