حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنو/ گذشتہ سال کی طرح امسال بھی بارگاہ ام البنین سلام اللہ علیہا منصور نگر میں منعقد عشرہ مجالس کو مولانا سید علی ہاشم عابدی خطاب کر رہے ہیں۔
"امام حسین علیہ السلام کی شخصیت اور سیرت" کے عنوان سے منعقد عشرہ مجالس کی تیسری مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید علی ہاشم عابدی نے بیان کیا کہ امام معصوم سے کوئی امر پوشیدہ نہیں ہوتا جیسا کہ روایت میں ہے کہ جب رہزنوں نے امام حسین علیہ السلام کے غلاموں کو قتل کر کے ان کے اموال لوٹ لئے تو آپ نے حاکم مدینہ سے فرمایا کہ میں نے ان کو نصیحت کی تھی کہ جمعرات اور ہفتہ کے علاوہ سفر نہ کریں لیکن انہوں نے اس کے برخلاف سفر کیا نتیجہ میں سب قتل ہو گئے اور مال بھی لوٹ لیا گیا لیکن میں ان رہزنوں اور قاتلوں کو پہچانتا ہوں جنمیں سے چار حکومت کے افراد ہیں اور باقی حبشی غلام ہیں۔ اور آپ نے ان مجرموں سے اقرار جرم بھی کرایا۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے فرمایا: جو خدا اور اہلبیت کا عاشق ہو جاتا ہے وہ لوگوں سے بے نیاز اور دنیا کی محبت سے آزاد ہو جاتا ہے جیسے شہدائے کربلا بے نیاز اور آزاد تھے۔ امام حسین علیہ السلام کے بیعت اٹھا لینے کے باوجود انہوں نے قربانی پیش کر کے بشریت کو درس حریت دیا۔