حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی فوج کی سیاسی نظریاتی تنظیم کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین عباس محمد حسنی نے ہاجر نامی خواتین کے خصوصی اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران، ولادت حضرت زینب سلام اللہ علیہا اور نرسنگ ڈے کی مناسبت سے تبریک و تہنیت پیش کی اور نرسوں کو مکتبِ زینبی کے نمونۂ عمل قرار دیا اور کہا کہ نرسیں صبر، استقامت، قربانی اور بصیرت میں حضرت زینب (س) کی پیروکار ہیں اور ہم اللہ تعالیٰ کے مشکور ہیں کہ ہمارے پاس ایسی خدمت کے جذبے سے سرشار نرسنگ کمیونٹی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نرسوں کی قربانی اور مہربانیوں کی انتہا یہ تھی کہ جنہوں نے کورونا وائرس کی مہلک بیماری سے نمٹنے میں اپنا مشن بخوبی نبھایا اور اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ایک شاندار ریکارڈ قائم کردیا۔
حجۃ الاسلام حسنی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ امت اسلامیہ کی عزت کا دارومدار دینِ اسلام کے احکامات کی پاسداری میں ہے، کہا کہ اگر ہم دنیا میں باعزت شناخت چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے آسمانی دین کا پابند ہونا چاہیئے اور دینی تقاضوں میں سے ایک تقاضہ، معاشرے میں حجاب اور عفت کا خیال رکھنا ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین محمد حسنی نے کہا کہ فوج کی جانب سے اس ہسپتال کے قیام کی سب سے اہم وجہ، خاندانوں کی زندگی کی بنیادوں کو مضبوط کرنا ہے اور اگر اس اصول پر عمل کیا جائے تو خاندانوں کو ناقابل تلافی نقصانات سے بچایا جا سکیں گے۔
انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ فوج بہت سے معاشرتی معاملات میں معاشرے کے لئے ایک رول ماڈل ہے، کہا کہ دوسری تنظیمیں فوج کے اس اقدام کی پیروی کرتے ہوئے معاشرے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔