حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین سید علی رضا تراشیون نے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا قم میں خطاب کرتے ہوئے کہا: اگر ہم خاندان کے زوال کے رجحان کا باعث بننے والے عوامل سے ناآشنا ہیں تو ہم کبھی خاندان اور خاندانی نظام میں ترقی کا زمینہ فراہم نہیں کر سکتے۔
انہوں نے خاندان کی سرد مہری کا باعث بننے والے بعض عوامل کا ذکر کرتے ہوئے کہا: خاندان کی سرد مہری کا باعث بننے والے عوامل میں سے ایک اہم عنصر "میڈیا" ہے۔ خاندان میں جس قدر میڈیا کے استعمال کا رجحان زیادہ ہوتا جاتا ہے۔ ان کے باہمی تعلقات میں سرد مہری میں اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے۔ یعنی ایک طرح سے میڈیا ان افراد کو اپنی طرف جذب کر کے ان میں گرمجوشی اورباہمی گہرے تعلقات پیدا کرنے کے مواقع چھین لیتا ہے۔
انہوں نے اہل بیت علیہم السلام کی سیرت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا: جب رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے گھر کی ذمہ داری حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو سونپی۔ تو حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے سجدہ شکر بجا لایا۔ بی بی سلام اللہ علیہا کا یہ کام گھریلو کام کاج کے سلسلہ میں اس فریضے اور حساس ذمہ داری کی قدر و اہمیت کو واضح کرتا ہے۔ خواتین کے لیے ماں کا کردار سب سے قیمتی اور بے مثال انسانی کرداروں میں سے ایک ہے جسے خداوند متعال نے زمین پر قرار دیا ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین تراشیون نے آخر میں کہا: انسانی تعلقات میں، مغربی تہذیب نے انسانوں کے لیے خاندانی دائرہ کار میں جو ڈھانچہ ترتیب دیا ہے وہ سب خاندانی نظامِ زندگی کے لیے نقصان دہ ہیں۔