حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور اسلام فوبیا پھیلانے پر کڑی تنقید کی ہے اور ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا دن قرار دیا ۔
جمعہ کے روز اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر ایک خصوصی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا : دنیا بھر میں تقریباً 2 بلین مسلمان ہیں، جن میں سے ایک قابل ذکر تعداد کو ان کے مذہبی عقائد کی وجہ سے امتیازی سلوک اور تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
گوٹیرس نے کہا کہ یہ امتیازی سلوک میڈیا شوز اور بعض سیاسی رہنماؤں کی اسلام مخالف بیان بازی اور پالیسیوں میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امتیازی سلوک سے قطع نظر ہم سب متاثر ہوتے ہیں اور یہ ہم سب کو کمزور بنا دیتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان دنیا کے ان ممالک میں سے ایک ہے، جہاں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک روز بروز بڑھتا جا رہا ہے اور انہیں غیر انسانی پرتشدد کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔