حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم امام علی رضا (ع) کے غیر ایرانی زائرین کے دفتر کی جانب سے ’’سفیران رضوی‘‘ کے عنوان سے تربیتی کورس کا انعقاد کیا گیا جس میں ہندوستانی خواتین ڈاکٹروں کے ایک گروپ نے شرکت کی۔
حرم امام رضا علیہ السلام کے شعبہ زائرین غیر ایرانی کی میزبانی میں اور جامعۃ المصطفی م-شہد مقدس کے تعاون سے ہندوستان کی کشمیر یونیورسٹی کی خواتین ڈاکٹروں اور پروفیسروں کے ایک گروپ نے ’’سفیران رضوی‘‘ کے 18ویں تربیتی کورس میں حصہ لیا جس میں علمی، ثقافتی اور تبلیغی موضوعات شامل تھے۔
اطلاع کے مطابق، خواتین ڈاکٹر اور کشمیر یونیورسٹی کی 12 طالبات اور پروفیسرز نے حرم امام رضا علیہ السلام کی زیارت کرتے ہوئے حرم امام رضا (ع) کے غیر ایرانی زائرین کے توسط سے منعقد ہ تعلیمی، ثقافتی اور تبلیغی کورس میں 15 دنوں تک "رضوی طرز زندگی"، "سیرۂ امام رضا علیہ السلام"، "خواتین کے حقوق"، " انقلاب اسلامی "، "ولی فقیہ" وغیرہ جیسے موضوعات پر مکمل آگاہی حاصل کی۔
مشہد میں رہبر معظم کی رہائش گاہ اور حرم امام رضا علیہ السلام کی لائبریری اور میوزیم کا دورہ، اس گروپ کے دیگر پروگراموں میں شامل تھا۔
حرم امام رضا علیہ السلام کی علمی اور ثقافتی تنظیم کے بین الاقوامی شعبہ کے نائب صدر حجت الاسلام والمسلمین سید محمد ذوالفقاری نے اس تربیتی کورس کے اختتام پر اس گروپ کو امام رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک کا پرچم پیش کیا۔