۱۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۶ شوال ۱۴۴۵ | May 5, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ/ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یوم علی کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسلم ممالک اگر عدل علی ؑ کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں تو پوری دنیا سے ظلم و جبر اور زیادتی و تجاوز کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔

حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے امیر المؤمنین حضرت علی ؑ ابن ابی طالب کی شہادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ امیر المومنینؑ کی شہادت ایک شخص یا فرد کی نہیں ایک سوچ، فکر اور نظریے کی شہادت ہے۔ جب 19 رمضان المبارک کی نماز فجر کے دوران ابن ملجم کی ضرب سے حالت سجدہ میں آپ زخمی ہوئے تو زمین اور آسمان کے درمیان یہ ندا بلند ہوئی تھدمت واللہ ارکان الھدی خدا کی قسم ہدایت کے ستون گر گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت علی ابن ابی طالب ؑ نے تطہیر نفس کیلئے تقوی، شب بیداری، عبادت، حسن سلوک، عاجزی، انکساری اور تواضع جیسی صفات اختیار کیں جبکہ تطہیر نظام و معاشرہ کیلئے عدل، انصاف، اعتدال، توازن، حقوق کا حصول اور اسلامی نظام حیات کے نفاذ کیلئے بھرپور عملی اقدامات اٹھائے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ مولا علی ؑ کے فضائل و مناقب اپنی جگہ خانہ کعبہ میں ولادت اور مسجد کوفہ میں شہادت جیسی فضیلت اور امتیاز امیر المؤمنین کے حصے میں آیا چنانچہ علامہ اقبال نے بجا طور پر فرمایا: ”کسی را میسر نہ شد ایں سعادت بہ کعبہ ولادت بہ مسجد شہادت“ امیر المومنین کی ذات کا ایک منفرد پہلو عادلانہ نظام کا نفاذ ہے جو انہیں دنیا کے تمام سابقہ اور آئندہ حکمرانوں سے جدا اور منفرد کرتا ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ امیر المؤمنین ؑ کی زندگی تعلیمات قرآنی اور سیرت رسول اکرم کا عملی نمونہ اور روشن تفسیر کے طور پر موجود ہے۔ اگرچہ امیر المومنین ؑ کے تاریخی اور انقلابی اقدامات کو چھپانے کی بہت کوششیں کی گئیں، لیکن تاریخ کے جھروکوں سے وہ تمام کامیابیاں اور اصلاحات آج بھی نظر آرہی ہیں۔ امیرا لمومنین ؑ نے سیاسی، معاشی، سماجی، تہذیبی اور تعلیمی تمام میدانوں میں جو اقدامات اور اصلاحات کیں وہ تمام ادوار اور تمام ریاستوں کے لیے نمونہ عمل ہیں۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ حضرت کی طرف سے مالک اشتر کو طرز جہاں بانی، گڈگورننس اور قانون کی حکمرانی کے حوالے سے ارسال کردہ ہدایات آج کے دور کے حکمرانوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔ مسلمان ممالک اگر عدل علی ؑ کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں تو پوری دنیا سے ظلم و جبر اور زیادتی و تجاوز کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .