حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان کے شہر کراچی میں ایرانی وزیر خارجہ کی زیرصدارت "پاک ایران اقتصادی و سرمایہ کاری کانفرنس" کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں دونوں ممالک کے تاجروں و صنعتکاروں و اعلیٰ حکام نے ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
رپورٹ کے مطابق اس کانفرنس کی صدارت پاکستان کے دورے پر تشریف لائے ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کی جبکہ اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سینئر نائب صدر محمد سلیمان چاؤلہ، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے سی ای او زبیر موتی والا، ایرانی وزیر خارجہ کے مشیر برائے معاشی امور ڈاکٹر مہدی صفری، ایرانی صوبہ سیستان و بلوچستان کے گورنر ڈاکٹر محمد کرمی سمیت دونوں ممالک کے اعلیٰ سرکاری حکام، تاجر و صنعتکار برادری سے تعلق رکھنے والی شخصیات و عہدیداران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
قابل ذکر ہے کہ کانفرنس کے دوران تہران چیمبر آف کامرس اور کراچی چیمبر آف کامرس کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کی دستاویز پر ایرانی وزیر خارجہ اور سندھ حکومت کے اعلیٰ حکام کی موجودگی میں مختلف دستاویزات پر دستخط بھی کئے گئے۔