حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کے ساتھ کردستان میں ایک انٹرویو میں اہل سنت عالم دین مولوی محمد امین راستی نے کہا: اسلامی دنیا میں اتحاد و وحدت کی ضرورت پہلے سے زیادہ اہم اور حساس ہوتی جا رہی ہے کیونکہ دینِ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دشمنوں کی سازشیں بھی روز بروز پیچیدہ ہوتی جا رہی ہیں۔
شہر سنندج کے امام جمعہ نے کہا: عالم اسلام میں اختلاف اور تقسیم دشمن کی تفرقہ انگیز سازشوں کو عملی جامہ پہنانے میں ایک قسم کی مدد شمار ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: قرآن کریم میں ہمیشہ اتحاد و وحدت کے موضوع پر تاکید کی گئی ہے، حتیٰ کہ قرآن کریم نے ہمیں انتہائی واضح اور شفاف طور پر عملی اتحاد کی طرف دعوت دی ہے۔
مولوی محمد امین راستی نے کہا: خداوند متعال سورۃ حجرات کی آیت نمبر 10 میں ارشاد فرماتا ہے: إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ إِخْوَةٌ فَأَصْلِحُوا بَیْنَ أَخَوَیْکُمْ، یعنی "مومن آپس میں بھائی بھائی ہیں، لہٰذا ہمیشہ اپنے دونوں بھائیوں کے درمیان بھی صلح و آشتی کراؤ"۔ اسی طرح سورہ فتح کی آیت نمبر 29 میں ارشاد ہے: مُحَمَّدٌ رَسُولُ اللهِ وَالَّذِینَ مَعَهُ أَشِدّآءُ عَلَی الْکُفّارِ رُحَمآءُ بَیْنَهُمْ، یعنی "محمد (ص) اللہ کے رسول ہیں اور جو لوگ ان کے ساتھ ہیں وہ کافروں پر سخت ہیں اور آپس میں مہربان ہیں"۔
شہر سنندج کے امام جمعہ نے کہا: ان آیات میں خداوند عالم نے امت اسلامیہ کو اتحاد و اتفاق کی طرف بلایا ہے اور تفرقہ اور ایک دوسرے کے ساتھ کینہ و دشمنی سے منع کیا ہے اور مومنین کے درمیان بھائی چارے اور امن و صلح کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا: ہم سب کو قرآن کی ہدایات کے مطابق "امتِ واحدہ" کی تشکیل کی کوشش کرنی چاہیے کیونکہ اسلامی معاشرے میں امت کا اتحاد ہی اسلام کی ترقی اور دشمنوں کے خلاف مزاحمت کی بنیاد ہے۔