حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ کردستان کے مولوی محمد امین راستی نے آج سنندج شہر کے اہلسنت طلباء کو درسِ اخلاق میں ماہ ربیع الاول اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا: جو بھی اپنے آپ کو حقیقی اسلام کے اصولوں اور بنیادوں کے مطابق ڈھال لے گا وہ کسی بھی لغزش و خطا یا گمراہ ہونے سے محفوظ رہے گا۔
شہر سنندج کے امام جمعہ نے کہا: ہم سب کو اپنے بچوں کو دین اسلام اور اس کے حقیقی چہرے سے متعارف کرانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا: گزشتہ دہائیوں کے مقابلے میں آج کا معاشرہ بہت بدل چکا ہے۔ آج دشمن سائبر اسپیس اور سیٹلائٹ نیٹ ورکس کے ذریعے ہمارے گھروں میں داخل ہوچکا ہے۔
مولوی محمد امین راستی نے کہا:ذرائع ابلاغ عامہ کے مثبت اور منفی دونوں پہلو ہوتے ہیں۔ اس لیے ہمیں اپنے بچوں کو ان کے متعلق صحیح طریقے سے تعلیم دینی چاہیے اور ورچوئل اسپیس کو ان کے اور ہمارے لیے کسی قسم کا مسئلہ نہیں بننے دینا چاہیے۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا: دشمن میڈیا اور پروپیگنڈے کی طاقت سے اسلامی معاشرے کے مذہبی عقائد کو بدلنا اور بگاڑنا چاہتا ہے لہذا ہمیں ورچوئل اسپیس کو استعمال کرنے میں بہت ہوشیاری سے کام لینا چاہیے۔