۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
حسینی بوشهری

حوزہ/ آیت اللہ حسینی بوشہری نے کہا کہ حضرت ابا عبداللہ (ع) وہ امام ہیں جو جنگ کی حالت میں شہادت کے عظیم درجے پر فائز ہوئے اور یہ خصوصیت کسی دوسرے امام کو حاصل نہیں ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں ماتمی سنگت خادم الرضا علیہ السّلام کے منتظمین کی تجلیل کیلئے منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ قم اور جامعہ مدرسین حوزہ علمیه قم کے سربراہ نے کہا کہ حضرت ابا عبداللہ الحسین علیہ السّلام وہ امام ہیں جو جنگ کی حالت میں شہادت کے عظیم درجے پر فائز ہوئے اور یہ خصوصیت کسی دوسرے امام کو حاصل نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام حسین علیہ السّلام وہ عظیم امام ہیں جنہیں زیارات اور دعاؤں میں ايها الشهيد کے نام سے یاد کیا گیا ہے۔ امام حسین علیہ السّلام کی خصوصیات میں سے ایک، آپ شہید کے فرزند ہونے کے ساتھ ساتھ خود دو شہیدوں، یعنی حضرت علی اکبر علیہ السّلام اور حضرت علی اصغر علیہ السّلام کے باپ بھی ہیں۔

آیت اللہ حسینی بوشہری نے کہا کہ حضرت سید الشہداء علیہ السلام ایک ایسا امام ہیں جو کربلا کے میدان میں غسل و کفن کے بغیر دفن ہوئے اور ایسا واقعہ دوسرے آئمہ علیہم السّلام کے ساتھ پیش نہیں آیا ہے۔

انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ امام حسین علیہ السّلام وہ تنہا امام ہیں کہ جن کا شہادت کے بعد سر کو تن سے جدا کیا گیا، کہا کہ ہمارے دیگر اماموں کے ساتھ ایسا واقعہ رونما نہیں ہوا ہے اور امام صادق و امام باقر علیہما السّلام کی تعبیر کے مطابق، خدا نے امام حسین علیہ السّلام کو چار اہم خصوصیات سے نوازا ہے جو دوسرے اماموں کو حاصل نہیں ہیں۔

آیت اللہ حسینی بوشہری نے مزید کہا کہ امام صادق علیہ السّلام فرماتے ہیں: اِنَّ‌ اللَّهَ‌ تَعالیٰ‌ عَوَّضَ الحُسَینَ (عَلَیهِ السَّلامُ) مِن قَتلِهِ اَن جَعَلَ الاِمامَةَ فی ذُرّیَّتِهِ وَ الشِّفَاءَ فی تُربَتِهِ وَ اِجابَةَ الدُّعاءِ عِندَ قَبرِهِ وَ لا تُعَدُّ اَیّامُ زائِریهِ جائِیاً وَ راجِعاً مِن عُمُرِه. یعنی خداوند عالم نے امام حسین علیہ السّلام کو، ان کی شہادت کے بدلے میں، چار خصوصیات سے نوازا ہے۔

انہوں نے ان خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مندرجہ بالا روایت کے پیشِ نظر، امام حسین علیہ السّلام کی پہلی خصوصیت یہ ہے کہ آپ علیہ السّلام کے بعد سے امام زمانہ عجل اللہ تعالٰی فرجہ الشریف تک امامت کا جو سلسلہ جاری ہے وہ آپ کی نسل سے ہے۔

آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری نے مزید کہا کہ امام حسین علیہ السّلام کی دوسری خصوصیت یہ ہے کہ تمام مجتہدین کے فتویٰ کے مطابق مٹی کھانا حرام ہے لیکن تربت حسین علیہ السّلام میں ایک ایسی حکمت ہے کہ نہ صرف اس کا کھانا حرام نہیں ہے بلکہ اس کا کھانا شفا ہے۔

انہوں نے امام حسین علیہ السّلام کی تیسری خصوصیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ روایتوں کے مطابق، امام حسین علیہ السّلام کے گنبد کے نیچے یا قبر مبارک کے پاس دعائیں قبول ہوتی ہیں۔

آیت اللہ حسینی بوشہری نے کہا کہ جب امام علی نقی علیہ السّلام مریض ہو گئے تو آپ علیہ السّلام نے اپنے کچھ دوستوں سے فرمایا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ آپ لوگ کربلا جائیں اور میرے لئے دعا کریں۔

انہوں نے کہا کہ امام رضا علیہ السّلام سے کسی نے سوال کیا کہ اے فرزند رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم، آپ سب نجات کی کشتی ہیں، لیکن یہ صرف امام حسین علیہ السّلام کے ساتھ کیوں مخصوص ہے؟ امام رضا علیہ السّلام نے فرمایا: ہاں ہم سب نجات کی کشتی ہیں لیکن امام حسین علیہ السّلام کی نجات کی کشتی وسیع اور تیز ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .