حوزہ ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور پاکستان جامعہ عروة الوثقی میں ہفتۂ وحدت و جشن میلاد مسعود نبی کریم (ص) کی مناسبت سے ایک عظیم الشان وحدت امت ریلی جمعہ 29 ستمبر 2023 صبح 9 بجے از جامعہ العروۃ الوثقیٰ تا قینچی فیروزپور روڈ لاہور منعقد ہوگی جس میں ملک کے تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام، مذہبی جماعتوں کے سربراہان، مشائخ عظام و اکابرین شرکت کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے مدیرِاعلیٰ اور تحریکِ بیداری امتِ مصطفیؐ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا ہے کہ ریلی کا مقصد نبوتِ خاتم کے اہم ترین مقصد یعنی امت سازی کی طرف توجہ مبذول کروانا اور قرآنی بنیادوں پر وحدت کی دعوت دینا ہے جس کا مرکز و محور نظریہ قرآن ہے اور یہ فقط وحدت برائے وحدت یا وحدت برائے اجتماع نہیں، بلکہ وحدت برائے تعمیلِ حکمِ قرآن ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مؤمنین کی خوبیوں میں سے ایک خوبی یہ ہے کہ وہ آپس میں ایک دوسرے پر رحم کرتے ہیں اور دشمنوں پر شدید سخت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا مسلمان بدقسمتی سے اپنے ہی مسلمان بھائی کو دشمن سمجھ کر اس پر سخت گیر اور مسلمانوں کے دشمنوں پر مہربان بنا ہوا ہے، جس کی وجہ ناقص دشمن شناسی اور تنگ نظری ہے۔
سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ اسلامی فرقوں کے مابین قرآنی وحدت، ایک نئی اسلامی تہذیب کی تشکیل کا پہلا زینہ ہے۔ اسی وجہ سے علمائے کرام پر ضروری ہے کہ وہ مسلم اقوام کے اس معالجے کے بارے میں امت کے شعور میں اضافہ کریں اور وحدت کو اسلام ناب محمدی کے ایک ناقابل تردید اصول کے طور پر قبول کریں کیونکہ نئی اسلامی تہذیب کے حصول کا انحصار امت کے اتحاد و اتفاق پر ہے۔