حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جشن میلاد صادقین اور ہفتۂ وحدت کی مناسبت سے جامعۃ النجف سکردو میں ایک عظیم الشان محفل میلاد منعقد ہوئی، جس میں بلتستان بھر کے شعراء اور علمائے کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق، اس محفل میں بلتستان اور قومی سطح کے ادباء و شعراء اور دانشوروں نے شرکت کی۔ محفل کی صدارت جامعہ کے پرنسپل شیخ محمد علی توحیدی کررہے تھے، جبکہ معروف شاعر، ادیب اور خطیب سید سجاد اطہر موسوی اور شاعر و مصنف احسان علی دانش مہمان خصوصی تھے اور شیخ احمد علی نوری ممبر جی بی کونسل میزبانی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
محفل میلاد میں باذوق جوانوں اور طلباء کی کثیر تعداد بھی شریک ہوئی۔ اس پر نور محفل میں ابھرتے ہوئے نوجوان شعراء نے خوب داد تحسین وصول کی۔مشاعرے کے شعراء میں علامہ شیخ محمد علی توحیدی، علامہ سید سجاد اطہر، جناب شیخ احمد علی نوری، جناب احسان علی دانش، جناب شیخ محمد اشرف مظہر، جناب زہیر کربلائی، جناب محمد یوسف کھسمن، مولانا مبشر حسن اور مولانا محمد حسین محمودی شامل تھے۔
نظامت کے فرائض شیخ محمد اشرف مظہر نے انجام دیئے۔ قاری عرفان حیدر نے تلاوت کلام پاک سے محفل کا آغاز کیا۔ مولانا حسین بشیر اور مولانا شجاعت غدیر ی نے نعت رسول مقبول سے دلوں کو گرمایا اور مولانا عارف حسین نے بلتی قصیدہ پیش کیا۔
قادرالکلام شعراء نے اپنے گرانقدر اشعار کے ذریعے محفل کو نورباران کیا اور سامعین سے بے تحاشا داد تحسین وصول کی ۔جناب محمد یوسف کھسمن نے حالات حاضرہ پر اپنے اشعار سے محفل کو گل وگلزار کیا اور ہر ہر مصرع پر داد وصول کیا۔مہمان خصوصی آقائے سید سجاد اطہر موسوی نے آخر میں اپنے خطاب اور دعائیہ کلمات سے نوازا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن نے سچوں کے ساتھ رہنے کا حکم دیا ہے اور آج ہم دو صادقوں کا نہیں بلکہ چودہ سچوں کی یاد منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چودہ معصومین علیہم السّلام کی مجموعی سیرت کو دیکھیں گے تو ان میں ایسی ہماہنگی نظر آتی ہے کہ ایک ہی معصوم کی سیرت معلوم ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں محمد و آل محمد علیہم السلام کی سیرت پر چلنے کی توفیق عنایت کرے۔
آخر میں انہوں نے عالم اسلام کی سربلندی ،عالم کفر کی نابودی اور مملکت خداداد پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی۔