حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی حکومت نے شام کے دارالحکومت دمشق کے علاقے کفر شوبا پر میزائل حملہ کرکے کم از کم تین افراد کو شہید کردیا، اس حملے میں جس عمارت کو نشانہ بنایا گیا اس کے علاوہ ایک اور قریبی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
شام کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 40 منٹ پر گولان کی پہاڑیوں کے علاقے سے کیا گیا جو صیہونی حکومت کے کنٹرول میں ہے، حملے میں متعدد میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔
اس سے قبل المیادین ٹی وی چینل کے صحافی نے بتایا تھا کہ کفر شوبا کے علاقے میں ایک اپارٹمنٹ پر چار میزائل داغے گئے تھے،اس سے پہلے بھی صیہونی حکومت شامی علاقوں پر بارہا حملے کرتی رہی ہے جس سے جانی اور مالی نقصانات ہوئے ہیں۔