حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی حکومت نے غزہ کے وسط اور جنوب میں حملے شروع کیے جن میں کم از کم 10 فلسطینی شہید ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع دیرالبلح میں ایک عمارت پر بمباری کی جس میں تین فلسطینی شہید ہوگئے۔
اسی طرح صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع رفح میں زرعی اراضی پر بمباری کی جہاں کچھ فلسطینی پناہ لئے ہوئے تھے، اس حملئ میں تین بچوں اور ایک خاتون سمیت سات افراد شہید ہوئے تھے۔
اسرائیلی جنگی طیاروں نے اسی طرح آج صبح جنوبی لبنان پر بمباری کی ہے جب کہ اسرائیل نے ایک ڈرون کے ذریعے جنوبی لبنان پر دو میزائل داغے ہیں، اس حملے سے ہونے والے ممکنہ نقصان کے بارے میں ابھی تک کوئی رپورٹ شائع نہیں ہوئی ہے، یہ حملہ ایسی حالت میں کیا گیا ہے جب جنوبی لبنان کی تحریک حزب اللہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس نے فلسطینی جنگجوؤں کی حمایت میں لبنان کے علاقے شبعا میں صہیونی "السماقہ" کیمپ پر میزائل حملہ کیا ہے۔
اسی طرح حزب اللہ نے ایک اور بیان دیتے ہوئے صہیونی عزوحیرہ چھاؤنی پر حملے کی اطلاع دی، گذشتہ کئی مہینوں کے دوران لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں اسرائیلی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے، جس سے لبنان کی سرحد کے قریب علاقوں کی کالونیوں میں رہنے والے صہیونیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔