۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
خواجه محمد آصف وزیر دفاع پاکستان

حوزہ / پاکستانی وزیر دفاع نے جمہوریہ اسلامی ایران کے صدر کے دورۂ پاکستان کو بہت اہمیت کا حامل اور کامیاب دورہ قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایرانی صدر حجت الاسلام والمسلمین سید ابراہیم رئیسی کے دورۂ پاکستان اور اس دورے میں پاکستان کے اعلی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا: یہ ایک کامیاب دورہ تھا اور ہم سب اس دورے کے نتائج سے مطمئن ہیں۔

انہوں نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان تعاون کی تقویت کے حوالے سے امریکہ کی تشویش کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ہم بیرونی مخالفتوں پر کوئی توجہ نہیں دیتے چنانچہ صدر رئیسی کے دورے سے اگر کسی کو بھی درد یا تکلیف ہو تو اس کی کوئی اہمیت نہیں، حقیقت تو یہ ہے کہ پاکستان کے عوام کی تکالیف کا مداوا ہونا چاہیے۔

پاکستانی وزیر دفاع نے کہا: بہت جلد پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے لئے راستے نکل آئیں گے اور منصوبہ تکمیل کے مراحل عبور کرے گا۔

خواجہ محمد آصف نے کہا: مشترکہ چیلنجز سے مقابلے اور ان سے نمٹنے کے لئے ہمیں آپس میں اتحاد کی ضرورت ہے۔ ہمارے خطے میں بدامنی ہے، یہاں بڑی طاقتوں کی مداخلت بڑھ گئی ہے، ہمیں اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع ہونا چاہیے۔

انہوں نے ایرانی صدر کے پاکستان کے 3 روزہ دورہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: موجودہ حالات میں ایران کے صدر کا دورۂ پاکستان بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا: دہشت گردی ہمارا مشترکہ مسئلہ ہے، اسے کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے، دونوں برادر ملک مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .