حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، نجف اشرف کے امام جمعہ حجت الاسلام و المسلمین سید صدرالدین قبانچی نے حسینیہ اعظم فاطمیہ میں نماز جمعہ کے خطبوں کے دوران جمہوریہ اسلامی ایران کے صدر کے دورۂ عراق کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ایرانی صدر مسعود پزشکیان اپنے دورہ عراق کے دوران عراقی عوام، زیارت اربعین کے دوران حسینی موکبوں کے بانی حضرات اور عراقی حکومت کے لئے رہبر معظم انقلاب اسلامی کا شکریہ کا پیغام ساتھ لائے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: ہم بھی ایران کی حمایت بالخصوص داعش کے خلاف جنگ میں ان کے تعاون پر اپنے بھائیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
نجف اشرف کے امام جمعہ نے ایران اور عراقی عوام کے درمیان محبت بھرے تعلقات، مشترکہ مفادات اور وحدت دینی پر تاکید کرتے ہوئے کہا: ہم عالمی استکبار کے مقابلے میں مشترکہ محاذ پر ہیں۔ عراق اور ایران عالمی استکبار کے خلاف متحد اور ایک مورچہ میں ہیں۔
انہوں نے مزاحمتی قوتوں کی استقامت، اسلامی قوموں کی بیداری، اسرائیل کے اندرونی انہدام اور عرب ممالک کی کوتاہی و غفلت کو بیان کرتے ہوئے کہا: غزہ کی جنگ بارہویں مہینے میں داخل ہو چکی ہے۔ امریکہ اور مغربی دنیا فلسطین میں تمام بے گناہ ہلاکتوں کو مشاہدہ کرنے کے باوجود اسرائیلی حکومت کی حمایت کر رہے ہیں۔
حجت الاسلام و المسلمین قبانچی نے مزید کہا: خود امریکہ کے اپنے اندر جنگ کا طبل بج چکا ہے جہاں خانہ جنگی، مظاہرے اور پرتشدد حملے جاری ہیں۔ امریکہ کمزور ہو چکا ہے اور ٹرمپ اپنے دیوانگی سے اسے مزید گہری کھائی میں دھکیل دے گا۔