حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مرکزی سیکرٹری جنرل اسلامی تحریک پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی قیادت میں اعلی سطحی وفد کی ضلع نگر کے حلقہ چار میں آمد کے موقع پر علماء کرام و تنظیمی رفقا کی جانب سے استقبال کیا گیا۔
بعدازاں مرکزی سیکرٹری جنرل اسلامی تحریک پاکستان نے تنظیمی کارکنان کی اہم نشست سے مرکزی ذمہ داران نے خطاب بھی کیا۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے خطاب کے دوران کہا: میں شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے اتنی محبت دی۔ ہم مسلسل گلگت، بلتستان کی عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔ اس وقت بھی ہم گلگت، بلتستان کے تمام مسائل کے حل کیلئے مسلسل رابطوں میں ہیں، اس لیے جتنا تنظیمی سسٹم مضبوط اور مستحکم ہوگا تو آئندہ والے وقتوں میں گلگت، بلتستان کے عوامی حقوق کی جدوجہد اور زیادہ مضبوط اور مستحکم ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا: ہمارا مطالبہ واضح اور روشن ہے کہ گلگت، بلتستان کو آئینی حقوق دیئے جائیں۔ یہاں کے عوام کا بھی حق ہے کہ قومی اسمبلی میں ان کی بھرپور نمائندگی ہو تاکہ یہاں کی غیور عوام کے مسائل قومی سطح پر اجاگر کئے جائیں، انشاء اللہ آئینی حقوق کے حصول تک یہ پر امن جدوجہد جاری رہے گی۔