حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کا دو رکنی مرکزی وفد نے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی سربراہی میں اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی اور بزرگ رہنماء علامہ آغا سید محمد عباس رضوی سے سکردو میں ملاقات اور گلگت بلتستان کے مسائل اور تنظیمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، وفد میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ بھی شامل ہیں، جبکہ ملاقات میں مرکزی وفد کے ہمراہ علامہ شیخ رضا بہشتی، علامہ سید حسن فلسفی، علامہ شیخ شبیر صابری، علامہ شیخ احمد حسین ترابی، یوسف آخونزادہ، حاجی محمد الیاس اور سید مبشر کاظمی شامل تھے۔
ملاقات میں تنظیمی صورتحال کی بہتری کی جانب گامزن ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ آغا سید محمد عباس نے شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے اسلام آباد میں کامیاب علماء و ذاکرین کانفرنس منعقد کرنے پر قائدِ ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ عوام کے شہری مذہبی حقوق کے لیے اس کانفرنس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔