۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
مولانا علی حیدر فرشتہ

حوزہ/ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ نے مسلمانوں اور مومنین کے نام ایک پیغام جاری کرتے ہوئے ووٹنگ اور اس حق کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع علماءوخطباء حیدرآباد دکن کے سرپرست اعلیٰ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ نے مسلمانوں اور مومنین کے نام ایک پیغام جاری کرتے ہوئے ووٹنگ اور اس حق کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔

پیغام کا متن حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

و سیعلم الذین ظلموا ای منقلب ینقلبون(الشعراء227)

’’ اور وہ لوگ جنہوں نے ظلم کیا عنقریب جان لیں گے کہ وہ کونسی پلٹنے کی جگہ پلٹ کر جاتے ہیں‘‘

عزیزان گرامی ! السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

لوگ پوچھتے ہیں،ووٹ کس کو کریں؟

ظلم و بربریت،خوف ہراس،بے چینی و مایوسی کے پر ہول و پر آشوب ماحول کی تبدیلی کے لئے، آئین کی حفاظت کے لئے ،مذہبی آزادی کے لئے،انسانی بھائی چارہ و آپسی اتحاد و یکجہتی کے لئے،پڑھے لکھے،نیک و شریف حکومتی نمائندوں کے انتخاب کے لئے،امن و امان کے قیام و استحکام کے لئے،جان و مال اور عزت وآبرو کی حفاظت و سلامتی کے لئے ،غریبی و بے روزگاری و ناخواندگی کے خاتمہ کے لئے،فرقہ پرستی و مذہبی تعصب و تنگ نظری کے عفریت کو شکست ِفاش دینے کے لئے،سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ملک و ملت کی نمایاں ترقی و کامیابی کے لئے،اپنے بچوں کے دینی و عصری تعلیم کے حصول کے لئے مدرسوں و اسکولوں کالجوں اور یونیورسیٹیوں میں اپنے مذہب پر کاربند رہتے ہوئے دینی و عصری تعلیم کے حصول میں اطمینان بخش و پر سکون مواقع و سہولیات کی فراہمی کے لئے،گنگا جمنی تہذ یب و ثقافت کی برقراری کے لئے،اپنے ووٹ کا ضرور بالضرور اور صحیح استعمال کریں۔ایسا نہ ہو کہ آپ کے ووٹ سے کسی ظالم پر لعنت کے بجائے اس کی حمایت اور جیت پر مہر ثبت ہو جائ،۔ ہو اور اس طرح آپ بھی اللہ کی لعنت کے مستحق قرار پاجائیں لَعْنَةُ اللّهِ عَلَى الظَّالِمِينَ ( هود : 18 )’’اللّٰہ کی لعنت ہے ظالموں پر‘‘

آگاہ ہو جائیں ،آپ خود خوب سونچ سمجھ کر ووٹ کریں کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں،انتخابی جملہ بازی کا مفہوم و مطلب سمجھ لیں،اسلام اور مسلمانوں کے دوست اور دشمن کو پہچانیں،دین فروشوں،راہ سلام کے راہزنوں ،ذاتی مفاد و منفعت کے لئے قوم و مذہب کے عزت و وقار کا سودا کرنے والوں،گنڈہ دھاگا تعویذ اور ڈوراکے ذ ریعہ توہم پرستی و بد عقیدگی اور غیر شرعی امور کی ترویج کرنے والے مکاروں و فریب کاروں سے ہوشیار رہیں، بیشک علامہ اقبال نے بجا فرمایا ہے:

’’نہ سمجھو گے تو مٹ جاؤگے اے ہندوستاں والو ‘‘

فقط والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

خیر اندیش

(حجۃ الاسلام والمسلمین) مولانا علی حیدر فرشتہ

سرپرست اعلیٰ مجمع علماءوخطباء حیدرآباد دکن

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .