حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے جمعہ 5 جولائي 2024 کی صبح چودھویں صدارتی الیکشن کے دوسرے راؤنڈ میں رائے دہی کا وقت شروع ہوتے ہی صبح آٹھ بجے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
انھوں نے اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد لیکشن کے دن کو ایک اچھا دن اور ایک اہم سیاسی امر میں عوام کے بھرپور طریقے سے حصہ لینے کا دن قرار دیا اور کہا کہ ان شاء اللہ ہمارے عزیز عوام ووٹ دینے اور بہترین امیدوار کا انتخاب کرنے میں کامیاب ہوں گے اور اس راؤنڈ میں عوام کا عزم و حوصلہ زیادہ ہونا چاہیے تاکہ وہ اس کام کو مکمل کر سکیں اور ان شاء اللہ کل ملک کو ایک نیا صدر ملے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے صدارتی الیکشن کے اس راؤنڈ میں ووٹ ڈالنے کے لیے عوام کے اشتیاق میں اضافے کی رپورٹوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اور اگر ایسا ہوا تو باعث خوشی ہے اور ہمیں امید ہے کہ خداوند عالم ان شاء اللہ قوم کو کامیاب کرے، ملک کو آباد کرے اور ان سبھی کو اپنے دامن لطف و کرم اور رحمت میں جگہ دے جو اس راہ میں زحمتیں اٹھا رہے ہیں۔