حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں کشمیر کی انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ماہ محرم کے آغاز پر اپنے پیغام میں نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ اور ان کے ہم مشن جانبازوں کی عظیم شہادتوں کو عالم بشریت کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے سوگواران شہدائے کربلا کو ہدیہ تعزیت پیش کیا ہے۔
آقا حسن صفوی موسوی نے اپنے پیغام میں ماہ محرم الحرام کو دین و شریعت کے تحفظ کے لئے احساس ذمہ داریوں کی تجدید کا مہینہ قرار دیتے ہوئے مؤمنین سے تاکید کی کہ وہ محرم الحرام کی تقریبات کے دوران ہر سطح پر حدود شریعت اور احترام انسانیت کو ترجیح دیکر شہدائے کربلا کو حقیقی معنوں میں نذرانہ عقیدت پیش کریں۔
انہوں نے علمائے کرام کو تلقین کی کہ وہ معاشرے میں موجود مسائل اور مشکلات کے حل کے لئے امام حسینؑ نے اپنے خطبوں میں جو کچھ بیان کیا ہے ان سے لوگوں کو آگاہ کریں اور نسل جدید کے تحفظ کے لئے خاص نکات کی طرف اشارہ کریں، کیونکہ آج ہماری نسلیں تباہی و بربادی کے دہانے پر ہیں۔
انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے صدر حجت الاسلام والمسلمین سید حسن نے مزید کہا کہ ایام عزاء میں خطیب و ذاکرین کو فرصت میسر ہے وہ اصلاح معاشرہ میں بہترین کردار ادا کریں۔
آقا نے کہا کہ امام حسین ؑ کے نام پر جہاں دنیا بھر میں جلوس عاشوراء برآمد ہوتے ہیں، وہی وادی کشمیر میں ہم اس سال گورنر انتظامیہ سے پُر امید ہیں کہ اس سال عاشوراء کا جلوس روایتی روٹ پر برآمد ہوکر مؤمنین کی دیرینہ خواہش پوری ہوگی۔
آقا سید حسن نے کہا کہ ذاکرین اور نوحہ خوان حضرات امام حسینؑ کا پیغام پہنچانے میں مؤثر طریقہ اپناتے ہوئے تمام دائرہ حسینی میں امام حسین علیہ السلام کا پرچم بلند کریں جو کہ تمام طاغوتی نظام کے خلاف اظہار بیزاری ہے۔
انہوں نے مسلمانان کشمیر سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے جلوسوں میں شرکت کرکے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد ملی کی دشمن قوتوں کو واضح پیغام دیں۔