حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ جنگ کے 293ویں دن صیہونی حکومت کے حملوں میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے، فلسطینی خبر رساں ادارے ’وفا ‘کے مطابق غزہ کے شمال میں’ شیخ رضوان‘ نامی محلے پر اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں کے حملے میں 4 افراد شہید، نیز خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے مغرب میں پناہ گزینوں کے ساحلی کیمپ پر بھی حملہ کیا، اسرائیلی فوج کے ٹینکوں نے زیتون نامی محلے میں فلسطینیوں کے مکانات پر گولہ باری کی اور غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع بریج کیمپ پر راکٹ حملوں میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔
غزہ کی پٹی کے جنوب میں خان یونس اور رفح شہروں پر توپ خانے کے حملے جاری ہیں، غزہ کی وزارت صحت نے ابھی تک گزشتہ رات کے حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں کی صحیح تعداد کا اعلان نہیں کیا ہے۔
غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک صیہونی حکومت کے حملوں میں فلسطینی شہداء کی تعداد 39 ہزار 100 سے زائد ہو چکی ہے اور کم از کم 90 ہزار دیگر زخمی ہو چکے ہیں، شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔
غزہ کے لوگ اسرائیلی فوج کے محاصرے میں ہیں اور انہیں خوراک اور ادویات کی اشد ضرورت ہے، تاہم اسرائیلی فوج صرف انسانی امداد کے محدود حصے کو علاقے میں داخل ہونے کی اجازت دیتی ہے۔