۲۹ شهریور ۱۴۰۳ |۱۵ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 19, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 77ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کیلئے دعا کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 77ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کیلئے دعا کی ہے اور پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جس پاکستان کا خواب اقبال نے دیکھا اور جس کے لیے قائد اعظم نے انتھک جدوجہد کی وہ ایک مسلم پاکستان تھا نہ کہ مسلکی پاکستان، ایسی سرزمین جہاں بسنے والا ہر فرد بلا تفریق مسلک و مذہب آزادانہ زندگی بسر کر سکے، بدقسمتی سے اس وعدے میں ہم ناکام رہے ہیں، جو قوتیں اپنی فکر و نظریات دوسروں پر زبردستی مسلط کرنا چاہتی ہیں وہ پرامن پاکستان کی دشمن ہیں، انصاف کے لیے ضروری ہے کہ فریقین کو سنا جائے، کیونکہ جس ملک میں انصاف نہ ہو وہ تتر بتر ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی وسائل کی مساویانہ تقسیم اشد ضروری ہے، اقتدار پر قابض چند خاندانوں کے بجائے پوری قوم کا خیال رکھنا قیام پاکستان کے اولین مقاصد میں سے تھا، سیاستدان اور اسٹیک ہولڈرز عفو و درگزر کا راستہ اپنائیں، پاکستان اپنے لیڈروں سے تقاضا کرتا ہے کہ اکٹھے ہو جائیں، ہمیں نفرت کے بجائے محبتوں کو فروغ دینا ہو گا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے ملک میں قانون کی بالادستی اور دولت کی عادلانہ تقسیم کے نظام کو رائج کرنے کا سوچا تھا، ایک ایسا وطن جہاں بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی اور آزادی اظہار کو یقینی بنایا جائے گا، انتہا پسند عناصر کا ایک آزاد ریاست کو فکری طور پر یرغمال بنانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا، وطن عزیز کا حصول ان گنت قربانیوں کا نتیجہ ہے، وطن کے ہونہار اور جرآت مند بیٹے ان قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے، کوئی بھی خودمختار ریاست اپنے داخلی معاملات میں بیرونی مداخلت کی قطعاََ اجازت نہیں دیتی، ملک میں امن کے حقیقی قیام کے لیے امریکہ و دیگر استعماری طاقتوں کا پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کا خاتمہ ناگزیر ہے، ایک آزاد ایٹمی اسلامی ریاست استکباری قوتوں کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح کھٹکتی ہے، دوستی کے لبادے میں چھپے ہوئے ان دشمنوں سے چوکنا رہنا ہو گا جو پاکستان کو دہشت گردی جیسے عفریت سے دوچار کر کے ہماری ترقی و استحکام کو تباہ وبرباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں، وطن عزیز کی حفاظت و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .