حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک اسلامی بحرین کے رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے بحرین کے حکام کی جانب سے عوام سے غزہ اور لبنان کے خلاف دشمنی کرنے کی درخواست کو غیر ممکن اور جنون آمیز قرار دیا ہے۔
آیت اللہ قاسم نے اپنے پیغام میں کہا کہ بحرین ایک اسلامی اور ایمانی ملک ہے اور اس کی عوام اہلِ اسلام و ایمان ہیں، لہذا ان سے یہ توقع رکھنا کہ وہ غزہ، لبنان، شہید سید حسن نصراللہ اور اسماعیل ہنیہ سے دشمنی کریں اور اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو سے دوستی کا اظہار کریں، گویا وہ تل ابیب میں لیکود پارٹی کے حامی ہوں، ایک ناممکن اور جنون آمیز خواہش ہے۔
یاد رہے کہ دو ہفتے قبل بحرینی حکام نے ایک وسیع پیمانے پر سکیورٹی کارروائی کی، جس میں درجنوں افراد کو سید حسن نصراللہ کی شہادت پر مجلس عزا منعقد کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔ اس کارروائی کے بعد نماز جمعہ کے اجتماعات کو بھی روکا گیا، اور شیخ علی الصددی کو صہیونی جارحیت کے خلاف مزاحمت کی حمایت کرنے کی بنا پر گرفتار کر لیا گیا۔