حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام ایمانی مقدم نے شہید سید حسن نصراللہ اور یحییٰ سنوار کی یاد میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ان کی شہادت نے دلوں کو زخمی کیا ہے، لیکن خدا کے فضل و کرم سے حق کا محاذ برقرار رہے گا، سید حسن نصراللہ کے تربیت یافتہ ہزاروں مجاہدین ان کے بعد بھی حزب اللہ کے مشن کو جاری رکھیں گے۔
خراسان رضوی میں اہل بیت (ع) عالمی اسمبلی کے نمائندے نے مزید کہا: سید حسن نصراللہ نے اپنی آخری تقریر میں حزب اللہ کے کارکنوں کو یقین دلایا تھا کہ اگرچہ وہ زیادہ دیر ان کے درمیان نہیں رہیں گے، مگر ان کے بعد بھی حزب اللہ اور مزاحمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہید کا خون زمین پر گرتے ہی برکت کا باعث بنتا ہے۔ جیسے عماد مغنیہ، سید عباس موسوی، اور شہید راغب حرب کی شہادتوں کے بعد بھی اسلام کا پیغام رکنے کے بجائے مزید قوت کے ساتھ بڑھا۔
حجت الاسلام ایمانی مقدم نے اسرائیلی مظالم کے خلاف مزاحمت کو ہر انسان کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا: یہ مسلمانوں کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ جو شخص امت مسلمہ کے مسائل کے حل کی فکر نہ کرے، وہ مسلمان نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ فلسطینی اور لبنانی عوام کی مدد کرنا امت مسلمہ پر فرض ہے، جیسا کہ رہبر معظم انقلاب نے فرمایا ہے۔