حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ ایران میں ہیئت سید الشہداء العالمیہ کی جانب سے صدیقہ کبریٰ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی شہادت کی مناسبت سے تین روزہ مجالس کا اہتمام کیا گیا، مجالس میں پاک و ہند کے علمائے کرام سمیت زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ہیئت سید الشہداء العالمیہ اُردو زبان کی جانب سے منعقدہ ایام فاطمیہ کی مجالسِ عزاء سے ہندوستان سے تعلق رکھنے والے معروف عالم دین حجت الاسلام سید شمیم رضا رضوی نے خطاب کیا، جبکہ پاک و ہند کے معروف منقبت خوانوں اور نوحہ خواں حضرات نے پرسہ پیش کیا۔
حجۃ الاسلام سید شمیم رضا رضوی نے مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا بشریت کیلئے چراغ ہدایت ہیں، بشریت ان کو نمونۂ عمل بنا کر ہدایت کے راستے پر گامزن ہوسکتی ہے۔