حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نگراں سکریٹری معاون کمیٹی تنظیم المکاتب کشمیر نے کشمیر کے معروف عالم دین مولانا غلام حسین متو کی والدہ ماجدہ کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کی خدمت میں تعزیت پیش کی ہے۔
تعزیت نامے کا متن مندرجہ ذیل ہے:
بسمہ تعالیٰ
كُلُّ نَفْسٍ ذَائِقَةُ الْمَوْتِ ۗ وَنَبْلُوكُم بِالشَّرِّ وَالْخَيْرِ فِتْنَةً ۖ وَإِلَيْنَا تُرْجَعُونَ.
پروردگار عالم کا ارشاد ہے کہ ’’ہر شخص ایک نہ ایک دن موت کا مزہ چکھنے والا ہے اور ہم تمہیں مصیبت و راحت میں امتحان کی غرض سے آزماتے ہیں اور (آخر کار) ہماری ہی طرف لوٹا لئے جاؤ گے۔‘‘
یہ مجلس مجلسِ تعزیت ہے، یہ مقام مقام عبرت ہے، کیونکہ ایک بلند پایہ والدہ ہم سے جُدا ہوچکی ہیں۔ یہ قانوں قدرت ہے کہ ہر کسی اجتماع اور ہر کسی رشتے کا انجام جُدائی ہی ہے، مگر وہ فراق جو کسی محبوب کی رحلت سے پیش آیا ہو تمام مصائب سے سنگین ترین مصیبت ہے۔
یہ مرحومہ جس کی مجلسِ ترحیم پر ہم یہاں جمع ہوچکے ہیں، اللہ کی طرف کوچ کر چکی ہے۔یقینا اُن کے بیش بہا شیر کی تاثیر ہمارے درمیان نمایاں ہے، کیونکہ اس عظیم ماں نے ایک فیضانِ عظیم فراہم کرکے قوم پر احسان عظیم کیا ہے اور نہ جانے کتنے زمانوں تک اپنے اور اپنے اسلاف کے لئے صدقہ جاریہ قائم کرکے رکھا ہے۔
اللہ اس مرحومہ و مغفورہ کو باب الصّدقہ سے جنت الفردوس میں داخل کرے، جہاں اُن کے درجات بلند سے بلند تر ہوں۔
دُکھ درد کی اس سخت ترین گھڑی میں، میں مرحومہ کے فرزند ارجمند حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا شیخ غلام حسین متو صاحب اور دیگر پسماندگان کی خدمت میں تحریک دینی بیداری تنظیم المکاتب کی طرف سے تعزیت و تسلّیت پیش کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ اس غم زدہ خانوادہ کو اللہ صبر و استقلال عنایت کرے۔
آپ کا تبصرہ