حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہائش کے حق سے متعلق اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے بالا کرشنن راج گوپال نے غزہ میں اسرائیلی جرائم اور شدید سردی کے باعث نومولود بچوں کی اموات کی سخت مذمت کی ہے۔
بالاکریشنان راجاگوپال نے کہا کہ وہ کئی ماہ سے خبردار کر رہے ہیں کہ ایک ملین سے زیادہ فلسطینی مناسب رہائش گاہ کے بغیر سردی کے سخت حالات کا سامنا کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا: "اب نومولود بچے سردی سے مر رہے ہیں، اور یہ اسرائیلی فوج کی نام نہاد 'اخلاقی' کارکردگی کا ایک اور 'کارنامہ' ہے۔"
گزشتہ چند راتوں میں شدید سردی کے باعث کئی فلسطینی نومولود بچے جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں تین بچے شامل ہیں جو المواسی کے علاقے میں، جو کہ ایک نام نہاد "انسانی ہمدردی زون" ہے، ہیپوتھرمیا کے باعث اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
غزہ میں فلسطین کے دفتر اطلاعات نے بتایا ہے کہ 81 فیصد بے گھر افراد خستہ حال خیموں اور شدید سردی کے باعث بدترین انسانی بحران کا شکار ہیں، جو ہزاروں لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں، 5 افراد سردی کی شدت اور گھروں کی تباہی کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شہریوں کی یہ المناک انسانی صورتحال، اسرائیلی فوج کے نسل کشی کے جرائم کا براہ راست نتیجہ ہے، جس کے دوران لاکھوں گھر مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے اور ان کے مکینوں کو خیموں میں زندگی گزارنے پر مجبور کیا گیا، جہاں زندگی گزارنے کی بنیادی چیزیں بھی میسر نہیں۔
آپ کا تبصرہ