پیر 10 فروری 2025 - 14:54
انقلابِ اسلامی ایران کی برکات سے آج ہم دنیا بھر میں اپنا سر،فخر سے بلند کیے ہوئے ہیں

حوزہ/رحمت للعالمین ٹرسٹ کے چیئرمین، شیخ فردوس علی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انقلابِ اسلامی ایران کے اثرات اور اس کی برکات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں ہندوستان میں انقلاب اسلامی ایران کی 46ویں سالگرہ کے موقع پر شیعہ فیڈریشن جموں، انجمنِ حسینی بٹھنڈی، جامعہ امام خمینی کرگل، انجمنِ صاحب الزمان کرگل، انجمنِ امامیہ لیہ اور رحمت للعالمین فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ایک شاندار تقریب جموں میں منعقد ہوئی، اس عظیم الشان تقریب میں علمائے کرام، دانشوران اور عقیدتمندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور انقلاب اسلامی ایران کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر رحمت للعالمین ٹرسٹ کے چیئرمین، شیخ فردوس علی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انقلابِ اسلامی ایران کے اثرات اور اس کی برکات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ انقلابِ اسلامی ایران کی برکات سے آج ہم دنیا کے کسی بھی کونے میں سر فخر سے بلند کیے ہوئے ہیں، یہ انقلاب صرف ایک ملک کی سرحدوں تک محدود نہیں، بلکہ اس نے پوری دنیا کے مستضعفین اور حریت پسندوں کو بیداری اور استقامت کا پیغام دیا ہے۔

شیخ فردوس علی نے مزید کہا کہ انقلابِ اسلامی نے ملت کو ایسے جری اور مخلص سپوت عطا کیے، جنہوں نے اپنی زندگیاں اسلام کی سربلندی اور انسانیت کی بقاء کے لیے وقف کر دیں جن میں مثالی طور پر شہید قاسم سلیمانی، شہید سید حسن نصراللہ، شہید اسماعیل ہنیہ اور دیگر ہزاروں شہداء قابلِ ذکر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان عظیم ہستیوں نے عالمی استکبار کے خلاف مزاحمت میں کلیدی کردار ادا کیا، جو ہمیشہ اسلام اور مظلومین کے دفاع میں سرگرم رہے۔

شیخ فردوس صاحب نے کہا کہ قائد عظیم الشان آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای جن کی رہنمائی نے انقلابِ اسلامی کو مزید مستحکم کیا، آپ پوری بشریت کے لئے رول ماڈل ہیں۔

شیخ فردوس علی نے کہا کہ یہ عظیم شخصیات آج بھی ملت اسلامیہ کے دلوں میں زندہ ہیں اور ان کی قربانیاں انقلابِ اسلامی کی روح کو تقویت بخشتی ہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب میں اس عزم کو دہرایا کہ وہ اور ان کے رفقاء رہبرِ انقلابِ اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ حق و صداقت کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور انقلاب اسلامی کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کریں گے۔

انہوں نے اتحاد ملت کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شیعہ و سنی کھبی جدا نہیں ہوسکتے ہیں اور رہبر معظم کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے ہم آپسی اتحاد کے لئے ہر ممکن قربانی دیں گے۔

تقریب کے دیگر مقررین نے بھی انقلابِ اسلامی کے تاریخی پس منظر، اس کے اثرات اور امت مسلمہ کے لیے اس کی افادیت پر تفصیلی گفتگو کی۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ انقلابِ اسلامی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا میں حقیقی عدل و انصاف قائم کیا جا سکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha