حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انقلابِ اسلامی ایران کی ۴۵ ویں سالگرہ کے سلسلے میں دنیا بھر کی طرح جموں میں بھی پر شکوہ تقریبات کا انعقاد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق، اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب جامع مسجد امام رضا بٹھنڈی جموں میں منعقد ہوئی، جس میں سینکڑوں کی تعداد میں عقیدتمندوں نے شرکت کرکے انقلابِ اسلامی ایران کے تئیں اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
اس تقریب میں مختلف سماجی ودینی تنظیموں کے ساتھ ساتھ خطہ لداخ، کشمیر اور جموں سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام، شعراء اور دانشوروں کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی اور انقلاب اسلامی کے بارے میں اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر شیعہ فیڈریشن جموں کے سربراہ عاشق حسین خان نے انقلاب اسلامی ایران اور بانی انقلاب حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے تئیں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران نے سیاسی، مذہبی، سماجی، اقتصادی نیز تمام تر میدانوں میں پوری دنیا میں مثبت اثرات اور بیسویں صدی میں اس انقلاب نے انسانیت کی بقاء اور اتحاد امت کے لئے جو کردار ادا کیا اسے بے مثال قرار دیا۔
انہوں نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرد مجاہد مظلومین جہاں کے لئے مسیحا بن کر ابھرا، جس نے عالمی سامراج کی نیندیں حرام کردیں۔
اس موقع پر معروف دانشور محمد جواد حبیب، امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے سربراہ شیخ لطفی صاحب، رحمۃ للعالمین فاونڈیشن کے چیئرمین شیخ فردوس علی، مولانا کوثر جعفری، مولانا زوار جعفری، آغا سید لیاقت علی موسوی، سابق وزیر قمر علی آخون نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انقلاب اسلامی ایران کو ہر دور کے لئے رحمت اور رول ماڈل قرار دیا۔
انہوں نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کو تاریخ ساز رہبر و رہنما قرار دیا اور رہبر انقلاب اسلامی حضرت امام خامنہ ای مدظلہ کو دنیائے اسلام کا دور اندیش رہنما قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ تجدید عہد کیا۔
تقریب میں دفتر رہبری دہلی کے نمائندہ حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید تقی نقی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت فرمائی اپنے مدلل خطاب میں انہوں نے انقلاب اسلامی ایران کو معاشرہ ساز انقلاب قرار دیا اور نوجوان ملت سے اس کی اعلٰی اقدار کے تحفظ کی تلقین کی۔
واضع رہے کہ یہ پر شکوہ تقریب شیعہ فیڈریشن جموں، انجمنِ حسینی بٹھنڈی، جامع امام خمینی کرگل، انجمنِ صاحب الزمان کرگل، امامیہ مشن لیہ، میوسل ہوسٹل جموں اور رحمۃ للعالمین فاونڈیشن کشمیر کے باہمی اشتراک سے منعقد ہوئی۔