حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، کل بروز پیر 10 فروری 2025ء کو 22 بہمن 1403 شمسی انقلاب اسلامی کی سالگرہ کا دن ہے۔ اس مناسبت سے شیعہ مرجع تقلید آیت الله العظمی جوادی آملی نے جاری اپنے پیغام میں انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی ریلی اور تقریبات میں شرکت اور اس بابرکت اسلامی نظام کی حفاظت کے لیے وحدت، ہم آہنگی، باہمی یکجہتی اور ہم فکری کو اہم ذمہ داریوں میں سے قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا: انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی ریلی میں شرکت اور اس بابرکت اسلامی نظام کی حفاظت ہم سب پر ضروری ہے۔
آیت الله العظمی جوادی آملی نے کہا: یہ شرکت ایک طرف امام خمینی(رح) اور شہداء کرام کی قدردانی ہے تو دوسری طرف ہمارے معزز جانبازوں کی عظمت اور شجاعت کی قدردانی اور ساتھ ہی ان ذمہ داران کی حق شناسی ہے جو امام خمینی(رح) اور انقلاب کے راستے پر گامزن رہے، نہ خود گمراہ ہوئے اور نہ کسی کا راستہ روکا۔
انہوں نے مزید کہا: ہم سب إن شاءالله کل بروز پیر 10 فروری 2025ء کو 22 بہمن 1403 شمسی انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی ریلی اور تقریبات میں شرکت کریں گے اور نظامِ اسلامی کی عظمت اور انقلاب کی سالگرہ کو شاندار طریقے سے منائیں گے لیکن دو بنیادی اصولوں کو فراموش نہ کریں: ایک یہ کہ "ہجرت کے بعد دوبارہ جاہلیت کی طرف پلٹنا" حرام ہے اور دوسرا یہ کہ عدل پر مبنی فیصلے، چاہے عدالتی ہوں یا حکومتی، ان کی برکت چالیس دن کی مسلسل بارش سے بھی زیادہ ہے۔
ہم دعاگو ہیں کہ ہمارا نظام، ہمارے حکام اور وہ تمام لوگ جو اس نظام میں محنت اور کوشش کر رہے ہیں، اہل بیت علیهم السلام کی خصوصی عنایت میں رہیں، پروردگار کی سب پر رحمت ہو، ہمارے انقلابی جانباز شفا پائیں اور تمام بیمار، دکھی اور ضرورت مند لوگوں کی جائز اور نیک خواہشات پوری ہیں۔
«غفر الله لنا و لکم و السلام علیکم و رحمة الله»
آپ کا تبصرہ