منگل 4 مارچ 2025 - 16:50
خبر غم؛ کرگل-بلتستان کے ممتاز عالمِ دین آیت اللہ شیخ غلام حسنین شعبانی نجفی انتقال کر گئے

حوزہ/ مرحوم ایک جید عالمِ دین، برجستہ استاد اور زہد و تقویٰ کے پیکر تھے۔ انہوں نے حوزۂ علمیہ نجف اور قم میں تعلیم و تدریس کے فرائض انجام دیے اور بے شمار شاگردوں کی علمی و دینی تربیت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ/ کرگل-بلتستان کے ممتاز عالمِ دین، برجستہ استاد آیت اللہ شیخ غلام حسنین شعبانی نجفی (فرزندِ آیت اللہ شیخ علی نجفی برولمو رحمۃ اللہ علیہ) آج جوارِ حضرت فاطمہ معصومہ (س) میں خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کے انتقال کی خبر ملتِ تشیع، اہلِ علم و تقویٰ اور ان کے شاگردوں کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے۔

مرحوم ایک جید عالمِ دین تھے جنہوں نے حوزہ علمیہ نجف اور حوزہ علمیہ قم میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور تدریس کے فرائض انجام دیے اور بے شمار شاگردوں کی علمی و دینی تربیت کی۔ ان کی علمی بصیرت، وسعتِ نظر اور تدریسی مہارت علمی حلقوں میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ وہ نہ صرف ایک عالمِ باعمل تھے بلکہ تبلیغِ دین اور اصلاحِ معاشرہ میں بھی ان کی گرانقدر خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

آیت اللہ شیخ غلام حسنین نجفی کا تعلق کرگل و بلتستان کے سنگم پر واقع ضلع کھرمنگ کے گاؤں برولمو سے تھا۔ ان کے والد، آیت اللہ شیخ علی نجفی برولمو، اپنے زمانے کے جید عالمِ دین اور روحانی پیشوا تھے، جن کی دینی و معنوی خدمات آج تک زبان زدِ عام ہیں۔ ان کا مزار کرگل کے بارڈر پر واقع ہے، جہاں آج بھی عقیدت مند زیارت کے لیے آتے ہیں۔

مرحوم کا تعلق ملک ہندوستان سے تھا بعد ازاں وہ نجفِ اشرف تعلیم کے لیے روانہ ہوئے اور پھر دوبارہ کبھی وطن واپس لوٹ کر نہیں گئے۔ صدام کے آخری دور میں انہیں نجف چھوڑنا پڑا، جس کے بعد وہ قم المقدسہ میں سکونت پذیر ہو گئے۔جہاں رمضان المبارک کی ان مقدس ساعتوں میں، جوار حضرت فاطمۃ معصومہ (س) میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

آیت اللہ حسنین نجفی ایک ممتاز عالم دین تھے، مگر انہوں نے ہمیشہ گوشہ نشینی، تقویٰ اور سادگی کو ترجیح دی۔ وہ عاجزی اور انکساری کی مثال تھے اور آخر وقت تک سادگی کے ساتھ زندگی بسر کی۔

انجمنِ انقلابِ مهدی (عج)، کرگل لداخ اس المناک سانحہ پر اہلِ خانہ، تلامذہ، محبین اور متعلقین کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتی ہے۔ بالخصوص خطۂ بلتستان، کرگل اور لداخ کے مومنین کی خدمت میں اظہارِ تعزیت کرتے ہیں، جنہوں نے ہمیشہ مرحوم کی علمی، اخلاقی اور تبلیغی خدمات سے استفادہ کیا اور ان سے والہانہ محبت رکھتے تھے۔انہوں نے آخر میں کہا کہ ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور پس ماندگان کو صبرِ جمیل و اجرِ عظیم عطا فرمائے۔

اس موقع پر جموں و کشمیر جعفریہ سپریم کونسل پاکستان کے سرپرست و چیئرمین و آراکین، مفتی سید کفایت حسین نقوی و سید زوار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے تعزیت پیش کی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha