حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قابض صہیونی فوج نے آج شمالی غزہ میں وحشیانہ حملہ کرتے ہوئے 9 نہتے فلسطینیوں کو شہید کر دیا، جن میں کئی صحافی اور فوٹوگرافر بھی شامل ہیں۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق، اسرائیلی ڈرون نے شمالی غزہ کے العطار چوراہے پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد شہید ہوئے۔ خبر رساں ادارے سما کے مطابق، شہدا میں بلال ابو مطر (صحافی)، محمد الغفیر، محمود السراج (فوٹوگرافر)، بلال عکیلہ (فوٹوگرافر)، ابو حازم سرداح (گاڑی کا ڈرائیور)، ابو صہیب النجار (ترجمان)، محمود اسلیم (فوٹوگرافر) اور ایک نامعلوم شخص شامل ہیں۔
غزہ کی حکومتی اطلاعاتی دفتر کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک 206 صحافی شہید ہو چکے ہیں۔ اس تازہ حملے سے چند روز قبل فلسطینی خاتون صحافی آلاء اسعد اسرائیلی بمباری میں شدید زخمی ہونے کے بعد شہید ہو گئی تھیں۔
یہ سلسلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ قابض صہیونی فوج فلسطینی صحافیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہی ہے تاکہ سچائی کو دنیا تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس بربریت کی شدید مذمت کی ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی جنگی جرائم کے خلاف فوری اقدامات کرے۔
آپ کا تبصرہ