حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رمضان المبارک کے آخری جمعے کو امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کے فرمان پر، عالمی یوم القدس کے عنوان سے منایا جاتا ہے، اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف شہروں اور صوبوں میں عوام نے گزشتہ سالوں کی نسبت زیادہ جوش و خروش کے ساتھ مظلوم فلسطینی قوم سے ہمدردی کا اظہار کرنے سڑکوں کا رخ کیا اور غاصب صیہونی ریاست کو للکارا۔
عالمی یوم القدس ناجائز صیہونی حکومت کے خلاف مظلوم اور بہادر فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت میں ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف دنیا بھر کے کروڑوں لوگوں اور غیرت مند اقوام کے اظہار ہمدردی کا دن ہے۔
یوم القدس، انقلابِ اسلامی کے بانی امام خمینی (رہ) کی ابدی یاد اور دنیا کی آزاد اقوام کی بیداری کا دن ہے جس میں مظلوموں کی حمایت کے ذریعے امت اسلامیہ کو اتحاد اور یکجہتی کی طرف بلاتے ہوئے فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی کے اظہار کے لیے میدان عمل میں اترنے کا درس دیا جاتا ہے۔
مگر اس سال کا یوم القدس غزہ میں کئی ہزار فلسطینیوں کی شہادت کے ردعمل میں دنیا بھر میں فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور غاصب صیہونی ریاست کے خلاف عالمی سطح پر غم و غصے کے اظہار ساتھ منایا گیا۔
اس سال کا یوم القدس طفل کش غاصب صیہونی حکومت کے غزہ پر جاری مظالم اور مقاومتی محاذ کے رہنماؤں کی شہادت کے خلاف احتجاج کا دن بھی ہے جو گزشتہ سالوں سے بالکل مختلف ہے۔
گزشتہ سالوں کی طرح آج بھی رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کی تاریخی دعوت اور رہبر معظم کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے ایران کے غیور عوام نے غاصب اسرائیل کے وحشیانہ جرائم کی مذمت کرتے ہوئے بیت المقدس کی آزادی اور غزہ کی حمایت میں نعرہ لگاتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
آپ کا تبصرہ