جمعہ 28 مارچ 2025 - 15:12
یوم قدس؛ مظلومیت اور مزاحمت کی علامت

حوزہ/ عراق میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے نمایندے، آیت اللہ سید مجتبی حسینی نے عالمی یوم قدس 1446ھ کے موقع پر ایک باضابطہ بیان جاری کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے نمایندے، آیت اللہ سید مجتبی حسینی نے عالمی یوم قدس 1446ھ کے موقع پر ایک باضابطہ بیان جاری کیا۔

بیان کا متن حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

وَلا تَهِنُوا فِی ابْتِغاءِ الْقَوْمِ إِنْ تَکُونُوا تَأْلَمُونَ فَإِنَّهُمْ یَأْلَمُونَ کَما تَأْلَمُونَ وَتَرْجُونَ مِنَ اللَّهِ ما لا یَرْجُونَ وَکانَ اللَّهُ عَلِیماً حَکِیماً

تمام تعریفیں اس خدا کے لیے ہیں جو ظالموں کو نابود کرنے والا، مستکبروں کو نیست و نابود کرنے والا، فریادرس مظلوموں کا مددگار اور مومنین کا سہارا ہے۔

عراق کی مؤمن و مزاحم قوم اور دنیا کے تمام حریت پسندوں کو سلام و درود اور ان پر رحمتِ الٰہی نثار ہو۔

ہم اس سال عالمی یوم قدس کو ایسے وقت میں منا رہے ہیں جب یہ دن مظلوموں، مزاحمت کاروں، اور عزت و کرامت کے علمبرداروں کی پہچان بن چکا ہے۔ صہیونی حکومت نے اپنی وحشیانہ حقیقت کو آشکار کر دیا ہے اور عالمی استکباری طاقتوں، خاص طور پر شیطان بزرگ امریکہ کے تعاون سے، فلسطینیوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ دیے ہیں۔

یہ ظالم غزہ میں ہمارے بزرگوں، بہن بھائیوں اور معصوم بچوں پر وحشیانہ بمباری کر رہے ہیں، ہزاروں بے گناہوں کو شہید کر چکے ہیں، اور گھروں، اسپتالوں اور اسکولوں کو ملبے میں تبدیل کر دیا ہے۔ یہ وہ مجرمانہ کارروائیاں ہیں جن کا مقصد صرف زمین اور نسل کی تباہی ہے۔

ایسے حالات میں، ہمارا فرض بنتا ہے کہ عراق کے تمام طبقات، مرد و خواتین، یوم قدس کی عظیم الشان ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں اور امام خمینی (رحمت اللہ علیہ) کے اس بیداری کے پیغام پر لبیک کہیں جو چار دہائیاں قبل دیا گیا تھا۔

ہمیں ان بھیانک مظالم کی مذمت کرتے ہوئے، لبنان، یمن، شام، ایران اور دیگر انقلابی اقوام کے ساتھ مل کر، غزہ و مقبوضہ فلسطین کے مظلوم عوام کا ساتھ دینا ہوگا۔

آج، جب ہم مسلسل قتل و غارت، ظلم و استبداد اور وحشیانہ حملوں کے شاہد ہیں، لازم ہے کہ عالمی یوم قدس کی تقریبات پہلے سے زیادہ جوش و خروش اور عزم و حوصلے کے ساتھ منائی جائیں۔

ہم عراق کے مقدس شہروں اور عتبات عالیات سے، جہاں اہل بیت اطہار علیہم السلام کی برکتیں سایہ فگن ہیں، تمام حریت پسند اقوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے فلسطین کی آزادی کے لیے آواز بلند کرتے ہیں۔

ہمیں یقین ہے کہ اللہ کی نصرت اور مؤمنین کی استقامت کے ذریعے، بہت جلد فلسطین "نہر سے بحر تک" صہیونیوں کے ناپاک وجود سے پاک ہو جائے گا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای (مدظلہ العالی) نے فرمایا ہے: تمام اسلامی اقوام پر واجب ہے کہ جہاں کہیں بھی ہوں، یوم قدس کی ریلیوں میں شرکت کو اپنی ذمہ داری سمجھیں

میں یوم قدس کی عظیم الشان ریلیوں میں شرکت کرنے والے تمام مجاہدین اور حریت پسندوں کو سلام پیش کرتا ہوں اور خصوصاً ان شہداء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو حالیہ دنوں میں راہِ حق میں شہید ہوئے ہیں۔ میں بارگاہِ الٰہی میں ان کے لیے بلندیِ درجات اور مغفرت کی دعا کرتا ہوں۔

سید مجتبی حسینی

نمائندہ رہبر معظم انقلاب اسلامی- عراق

نجف اشرف

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha