منگل 6 مئی 2025 - 08:00
حوزہ علمیہ قم نے عالم اسلام کی سیاسی، سماجی اور تہذیبی ترقی میں فیصلہ کن کردار ادا کیا

حوزہ / امام جمعہ مشکات نے کہا: حوزہ علمیہ قم گذشتہ ایک صدی کے دوران نہ صرف اسلامی فکر کی تجدید و نشاط کا مرکز رہا ہے بلکہ اس نے عالم اسلام کی سیاسی، سماجی اور تمدنی ترقی اور تبدیلیوں میں بھی  فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے امام جمعہ مشکات آیت اللہ غلام رضا پہلوانی نے حوزہ علمیہ قم کی ایک صدی پر محیط چند اہم کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: گذشتہ ایک سو سال میں حوزہ علمیہ قم، عالم اسلام کے اہم ترین علمی، ثقافتی اور دینی مراکز میں شمار ہوتا ہے جس نے دینی فکر کی ارتقا، ممتاز افراد کی تربیت اور عصری تقاضوں کے جوابدہی میں بے مثال کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا: اس حوزہ نے تشیع کے قیمتی علمی ورثے سے استفادہ کرتے ہوئے عصر حاضر میں فکری حرکت اور پویائی کے لیے ایک مؤثر فضا فراہم کی ہے۔ حوزہ علمیہ قم کی تاریخ میں ایک اہم موڑ وہ تھا جب سنہ 1301 ہجری شمسی میں آیت اللہ شیخ عبدالکریم حائری یزدی کی قم ہجرت کے ساتھ حوزہ کا احیا اور تعلیمی ڈھانچے کی تجدید عمل میں آئی۔

امام جمعہ مشکات نے مزید کہا: آیت اللہ شیخ عبدالکریم حائری یزدی نے دیگر ممتاز علما اور قم کے دیندار عوام کی حمایت سے انتھک کوششوں کے ذریعے ایک منظم اور متحرک حوزہ کی بنیاد رکھی، متعدد مدارس علمیہ قائم کیے، تعلیمی نظام مرتب کیا اور حوزہ کا مالی ڈھانچہ سنوارا یہاں تک کہ یہ عظیم اقدام حوزہ علمیہ قم کو تدریجاً تشیع کے سب سے بڑے علمی مرکز میں تبدیل کر گیا۔

انہوں نے حوزہ علمیہ قم سے تربیت پانے والی مؤثر شخصیات کی عالم اسلام میں اثرپذیری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: گذشتہ صدی میں حوزہ علمیہ قم نے عالم اسلام کے عظیم علما اور معاصر دینی مفکرین کو جنم دیا ہے جن میں سرِفہرست امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ ہیں جو ایک فقیہ، فیلسوف اور انقلابی رہنما تھے اور جنہوں نے ایک ایسی تحریک کی بنیاد رکھی جو بالآخر جمہوریہ اسلامی ایران کے قیام پر منتج ہوئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha