حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ/ رہبر معظم انقلاب اسلامی کے پیغام اور علمائے کرام و ممتاز حوزوی شخصیات کی موجودگی میں، حوزہ علمیہ قم کی جدید تاسیس کی سوویں سالگرہ کی مناسبت سے مدرسہ امام کاظمؑ میں کانفرنس کا آغاز ہوگیا۔
حجت الاسلام والمسلمین مقیمی، جو اس کانفرنس کے سیکرٹری جنرل ہیں، نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حوزہ علمیہ قم بارہ صدیوں پرانی تاریخ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدیم حوزہ ایک صدی قبل آیت اللہ العظمیٰ شیخ عبدالکریم حائری یزدی کی بابرکت موجودگی میں دوبارہ احیا ہوا اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوا، اور ممتاز اساتذہ، طلبہ اور فضلاء کی پرورش کا ذریعہ بنا، جنہوں نے ایران سمیت پوری دنیا میں مکتب اہل بیت(ع) کی معارف کی ترویج کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے کانفرنس کے انعقاد میں مختلف حوزوی اداروں اور تنظیموں کے بھرپور تعاون اور علمائے کرام، اکابرین اور اہل علم کی قیمتی شرکت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس مناسبت سے ۲۰ جلدوں پر مشتمل ایک مجموعہ تیار کیا گیا ہے، جس میں قلمی آثار اور دروس کی تقریرات شامل ہیں۔ یہ مجموعہ بڑی محنت اور دقت کے ساتھ تحقیق، تصحیح اور احیا کے بعد مرتب کیا گیا ہے، اور اس کانفرنس میں اس کی رونمائی عمل میں آئے گی۔
قابل ذکر ہے کہ مدیر حوزہ علمیہ قم آیت اللہ علی رضا اعرافی نے رہبر معظم انقلاب اسلامی دام عزہ کا پیغام پڑھ کر سنایا۔









آپ کا تبصرہ