جمعرات 12 جون 2025 - 05:00
پیغامِ غدیر و عاشورا کو علمی سطح پر عام کرنے کی ضرورت پر زور

حوزہ/ مجلسِ علماء امامیہ پاکستان کے زیرِ اہتمام مبلغین امامیہ و آئمہ جمعہ والجماعت کا علاقائی اجتماع کوٹ ادو پنجاب پاکستان میں منعقد ہوا، جس میں علمائے کرام نے بھرپور شرکت کی اور اس موقع پر علمی کتب کی رونمائی بھی عمل میں آئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ علماء امامیہ پاکستان کے زیرِ اہتمام "غدیر و عاشوراء کانفرنس" کے عنوان سے ایک اہم علاقائی اجتماع کوٹ ادو میں منعقد ہوا، جس میں جنوبی پنجاب کے سات اضلاع سے تعلق رکھنے والے دو سو سے زائد علمائے کرام، آئمہ جمعہ والجماعت اور دینی مبلغین نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ایامِ غدیر و عاشورا کی دینی، تاریخی اور فکری اہمیت کو اجاگر کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ یہ دونوں ایام اسلامی تعلیمات، امامت و ولایت اور قربانی و مزاحمت کے وہ بلند عنوانات ہیں، جو عصرِ حاضر میں امتِ مسلمہ کی فکری رہنمائی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ مبلغین کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان ایام کے پیغام کو علمی و تربیتی انداز میں عام کریں اور معاشرے میں مثبت فکری بیداری پیدا کریں۔

کانفرنس سے حجج الاسلام والمسلمین فدا علی حلیمی، سید جاوید حسین شیرازی، نادر حسین علوی اور ضیغم عباس نے خطاب کیا، جنہوں نے غدیر و عاشورا کے پیغام کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے تناظر میں پیش کرتے ہوئے مبلغین کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کی نشاندہی کی۔

اس موقع پر بین الاقوامی ادارہ الباقر کے شعبۂ مطالعات "الباقر مرکز مطالعات اسلام آباد" اور شعبۂ تعلیم "مؤسسہ باقرالعلوم قم المقدسہ" کے باہمی تعاون سے تدوین و اشاعت کردہ علمی کتب کی باقاعدہ رونمائی کی گئی۔

رونمائی کی گئیں نمایاں کتب:

"مبادی علم عرفان"، جو عرفان اسلامی کے بنیادی مباحث پر مشتمل ہے اور اس کا اردو ترجمہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے انجام دیا ہے۔

"اقدارِ عاشورا"، جو واقعۂ کربلا میں کار فرما اسلامی اقدار پر مشتمل ایک تربیتی اور تبلیغی کتابچہ ہے، جسے حجج الاسلام فدا علی حلیمی اور اشرف حسین سراج نے مدوّن کیا ہے۔

مذکورہ کتب شرکت کرنے والے مبلغین میں تقسیم کی گئیں، تاکہ وہ علمی و تبلیغی میدان میں ان سے استفادہ حاصل کر سکیں۔

واضح رہے کہ مجلس علماء امامیہ پاکستان، بین الاقوامی ادارہ الباقر کا شعبۂ تبلیغات ہے، جو پنجاب اور خیبرپختونخوا کے 28 اضلاع میں فعال ہے اور مبلغین امامیہ کی تنظیم، تربیت اور فکری رہنمائی کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔

علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی سربراہی میں کام کرنے والے اس تبلیغی مرکز نے تاسیس سے اب تک 12 سال کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔

غدیر و عاشوراء کانفرنسز کے اس سلسلے کا اگلا اجتماع 21 جون کو گجرات میں منعقد ہوگا، جس میں وسطی و بالائی پنجاب کے علماء، خطباء اور مبلغین شرکت کریں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha