حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جونپور/ جامعہ امام جعفر صادق علیہ السلام جونپور کے مدیر حجۃ الاسلام و المسلمین سید صفدر حسین زیدی نے عیدِ مباہلہ کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عید مباہلہ حق و باطل کے درمیان فرق کا عظیم دن ہے، جو اسلام کی تاریخ میں حقانیت اہل بیت علیہم السلام کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا: نجران کے عیسائیوں کے ساتھ رسول خدا ﷺ کا حضرت علیؑ، جناب فاطمہؑ، امام حسنؑ اور امام حسینؑ کو ساتھ لے کر میدانِ مباہلہ میں آنا، اس بات کی علامت ہے کہ سچے دل سے اللہ پر بھروسہ کرنے والے معصومینؑ ہمیشہ ثابت قدم رہتے ہیں۔
سید زیدی نے مزید کہا کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران، جس کی اکثریت شیعہ ہے، عالمی سطح پر اسرائیل کے مظالم کے خلاف اور فلسطین و دنیا بھر کے مظلوموں کی حمایت میں جس استقامت کے ساتھ کھڑا ہے، وہ اسی روحِ مباہلہ کا تسلسل ہے۔ یہ محض ایک سیاسی مؤقف نہیں بلکہ اسلامی، حسینی اور الٰہی اصولوں پر مبنی ایک نظریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا مؤقف سیرتِ معصومینؑ کی پیروی اور توکل علی اللہ کی اعلیٰ مثال ہے۔ ایران نے ہمیشہ بیت المقدس کو مسلمانوں کا مسلمہ حق تسلیم کیا ہے اور صہیونی تسلط کو ناجائز قرار دیا ہے۔ عالمی طاقتوں کی تمام تر پابندیوں، دباؤ اور دھمکیوں کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران جس استقلال کے ساتھ اپنے اصولی موقف پر قائم ہے، وہی درحقیقت حقانیت کی سب سے بڑی دلیل ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا: اگر ہم مباہلہ کی روح کو سمجھیں تو یہ سچائی، یقین اور کامل توکل کا نام ہے۔ جو فریق حق پر ہوتا ہے، وہ کسی بھی خطرے سے نہیں گھبراتا۔ آج ایران کا مسلسل میدان میں ڈٹے رہنا اور اپنی الٰہی راہ پر استقامت دکھانا، اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ راہِ حق پر ہے۔
آخر میں حجۃ الاسلام والمسلمین سید صفدر حسین زیدی نے کہا: آج اسرائیل کے خلاف جاری جنگ میں تشیع کا مؤقف، حق و سچائی پر ہونے کی زندہ اور ناقابلِ انکار دلیل ہے۔ یہ وہ استقامت ہے جو ہمیں پنجتن پاکؑ کی سیرت سے ملی ہے، اور یہی ہمارے ایمان اور صداقت کا آئینہ ہے۔









آپ کا تبصرہ