حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملبورن کے امام جمعہ حجت الاسلام والمسلمین سید ابو القاسم رضوی نے موجودہ عالمی حالات پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملہ، دراصل باطل کی خودکشی ہے۔ انہوں نے اس جنگ کو حق و باطل کے درمیان آخری اور فیصلہ کن معرکہ قرار دیا اور کہا کہ "یہ صرف ایک فوجی جنگ نہیں بلکہ ایک عظیم نظریاتی و فکری تصادم ہے، جس کا انجام ان شاء اللہ بیت المقدس کی آزادی اور وہاں نمازِ جماعت کی صورت میں سامنے آئے گا۔"
مولانا سید ابو القاسم رضوی نے کہا کہ شیطان اکبر (امریکہ) اور اس کے حواری ایران کی اصل طاقت سے غافل تھے، اور اب وہ پشیمانی و حیرت میں مبتلا ہیں۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی کے بیانات ایک ایک کر کے سچ ثابت ہو رہے ہیں اور تاریخ اس بات کی گواہ بنے گی کہ حق نے باطل کو جڑ سے اکھاڑ دیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج کی جنگ بارود سے زیادہ میڈیا اور معلومات کی جنگ ہے۔ "ہماری سب سے بڑی ذمہ داری یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر ایران کو فاتح اور باوقار چہرے کے طور پر پیش کریں۔ دشمن کی کوشش ہے کہ جھوٹ کو اتنا دہرایا جائے کہ لوگ اُسے سچ ماننے لگیں، لیکن اگر ہم چاہتے ہیں کہ سچ غالب آئے تو ہمیں سچ کو اتنا دہرانا ہوگا کہ جھوٹ خود مٹ جائے۔"
آخر میں مولانا نے دعا کی کہ ان شاء اللہ وہ دن جلد آئے گا جب پوری امت مسلمہ بیت المقدس میں اکٹھا ہو کر نماز ادا کرے گی اور ظلم و استعمار کا خاتمہ حقیقت بن جائے گا۔









آپ کا تبصرہ