جمعہ 27 جون 2025 - 23:50
کالعدم تنظیم کے شرپسند عناصر کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جائے، علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/ کمشنر لاڑکانہ ڈویژن طاہر حسین سانگی کی زیرِ صدارت ماہ محرم الحرام و امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایم ڈبلیو ایم کے سینئر رہنما نے شرکت اور خطاب کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کمشنر لاڑکانہ ڈویژن طاہر حسین سانگی کی زیرِ صدارت ماہ محرم الحرام و امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایم ڈبلیو ایم کے سینئر رہنما نے شرکت اور خطاب کیا۔ اجلاس میں جیکب آباد، شکارپور، کشمور، قمبر شہداد کوٹ اور لاڑکانہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز سمیت ضلعی و ڈویژنل افسران شریک ہوئے۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ: "ماہِ محرم، دین اسلام کی بقا اور نواسۂ رسول (ص) حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی کی یاد کا مہینہ ہے۔ مجالس عزا اور ذکرِ حسینؑ کے پروگرامات عبادت ہیں۔ ان مجالس و جلوسوں میں شریک پولیس، سیکیورٹی ادارے اور خادمین بھی عبادت کے عمل میں شریک ہیں۔" انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں تمام مکاتب فکر شیعہ، سنی، دیوبندی، بریلوی کے درمیان مثالی اتحاد و ہم آہنگی موجود ہے، مگر کچھ کالعدم شرپسند تنظیمیں، خصوصاً سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی مسلمانوں کے درمیان نفرت اور فرقہ واریت کو ہوا دے رہی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا: کالعدم تنظیم کے شرپسند عناصر کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جائے۔ کالعدم تنظیم کے شرپسندوں کے نام نیکٹا اور شیڈول فور کی فہرست میں شامل کیے جائیں۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا کہ: "ہم جیکب آباد کی شبِ عاشور 2015 کے المناک سانحے کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جس میں 29 عزادار شہید اور 59 زخمی ہوئے تھے۔" انہوں نے واپڈا حکام سے مطالبہ کیا کہ مجالس و جلوسوں کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔خصوصاً رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ سے اجتناب کیا جائے، کیونکہ دیہی و شہری علاقوں میں مجالس کا انعقاد ہو رہا ہوتا ہے، اور اندھیرے میں سیکیورٹی اور نظم و نسق متاثر ہوتا ہے۔ مزید برآں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلع قمبر شہداد کوٹ میں کالعدم تنظیم کی جاری شرانگیزی کا فوری نوٹس لیا جائے۔

اس اجلاس میں دیگر نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں: سید احسان شاہ بخاری (صدر انجمن سپاہ علی اکبر، جیکب آباد)سید کامران علی شاہ (صدر وحدت یوتھ ونگ، لاڑکانہ ڈویژن)علامہ سیف علی ڈومکی (صدر مجلس علمائے مکتبِ اہل بیتؑ، ضلع جیکب آباد)زوار شاہنواز جعفری۔ جنرل سیکرٹری جعفریہ الائنس، لاڑکانہ ڈویژن شامل ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha