حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے تمام حوزات علمیہ کے منتظمین نے مشہد مقدس میں منعقدہ سالانہ اجلاس کے اختتام پر ایک بیانیہ جاری کرتے ہوئے ملت ایران کی حالیہ مزاحمتی کامیابی کو خدائی نصرت سے تعبیر کیا اور نظام اسلامی و رہبر معظم انقلاب اسلامی کی مکمل حمایت پر زور دیا۔
بیانیے میں کہا گیا ہے کہ ایرانی قوم نے ایک بار پھر بصیرت، شجاعت اور اتحاد کے ذریعے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا اور یہ ثابت کر دیا کہ وہ اسلامی نظام کی حفاظت کے لیے ہر میدان میں حاضر ہے۔ اعلامیہ میں سورہ آل عمران کی آیت «وَ مَا النَّصْرُ إِلَّا مِنْ عِندِ اللَّهِ الْعَزِیزِ الْحَکِیمِ» کا حوالہ دے کر حالیہ کامیابیوں کو ایمان و استقامت کا ثمرہ قرار دیا گیا۔
حوزات علمیہ کے منتظمین نے دشمنان اسلام کی مشترکہ یلغار اور استکباری محاذ کے جرائم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ان کی کوششیں، ایران کو جھکانے میں ناکام رہیں۔ بیانیے میں رہبر معظم کی حکیمانہ قیادت، مراجع کرام کی حمایت، عوام کی وفاداری اور مسلح افواج کی قربانیوں کو حالیہ فتح کے کلیدی اسباب قرار دیا گیا۔

اس موقع پر حوزات علمیہ نے اپنے کردار کی وضاحت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ فکری و ثقافتی محاذ پر دشمن کی یلغار کے مقابل استقامت جاری رکھیں گے، دینی شعور بیدار کریں گے، اور انقلابی طلاب کی تربیت کے لیے پرعزم رہیں گے۔
بیانیے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ میڈیا، خطباء اور علمی شخصیات اس قومی ہمصدائی اور انقلابی جذبے کی حفاظت کریں اور عوام کو مایوس کرنے والی زبان سے اجتناب کریں۔
آخر میں منتظمین نے رہبر معظم انقلاب اسلامی سے تجدید بیعت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حوزات علمیہ، ملت ایران کے ساتھ مل کر اسلامی انقلاب کے اہداف اور حضرت مہدی (عج) کے ظہور کی راہ ہموار کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ «وَ کَانَ حَقًّا عَلَیْنَا نَصْرُ الْمُؤْمِنِینَ»









آپ کا تبصرہ