اتوار 21 ستمبر 2025 - 15:37
سلامتی کونسل میں پاکستان کی ایران کی ٹھوس حمایت / پابندیاں خطے کو مزید غیر مستحکم کر سکتی ہیں

حوزہ / اقوام متحدہ میں پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ عائد کرنے سے صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے اور خطے میں نئے تنازعات کو جنم دے سکتی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سلامتی کونسل میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے قرارداد 2231 (2015) اور جوہری معاہدے سے متعلق ووٹنگ کے بعد اپنے بیان میں کہا: پاکستان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے کیونکہ اسلام آباد کا مؤقف ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق تمام مسائل کو صرف اور صرف پرامن ذرائع، مکالمے اور تعاون کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

پاکستانی مندوب نے کہا: موجودہ حالات میں پابندیوں کے نفاذ سے فریقین کے مؤقف مزید سخت ہوں گے اور ایک دوستانہ حل کی راہ مزید تنگ ہو جائے گی۔ ان کے مطابق اس وقت سب سے زیادہ ضرورت زیادہ سفارتکاری اور بات چیت کی ہے۔

انہوں نے کہا: ایران اور عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان حالیہ معاہدہ، جس کے تحت معائنہ جات اور تصدیقی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوئیں، ایک مثبت پیش رفت ہے اور اسی راستے کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ باہمی اعتماد بحال ہوسکے۔

سلامتی کونسل میں پاکستان کے مستقل مندوب نے پاکستان کا مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا: جوہری معاہدہ ایک بہترین ماڈل تھا جس نے خدشات دور کرنے اور ذمہ داریاں واضح کرنے کا جامع روڈ میپ فراہم کیا۔ بدقسمتی سے اس عمل کو متاثر کیا گیا، جس کے نتیجے میں تنازعات اور شکوک و شبہات نے جنم لیا۔ ایران کے ہمارا ہمسایہ اور دوست ہونے کے ناطے پاکستان کسی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کر سکتا جو خطے کو مزید غیر مستحکم کرے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha