حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمعُ علماء و خطباء حیدرآباد دکن ہندوستان نے آیت الله العظمیٰ سیستانی کی شریکِ حیات کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے جس کا مکمل متن اس طرح ہے۔
بسم الله الرحمٰن الرحیم
اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُون
بہ کمالِ تأسف و حزن یہ خبرِ غم موصول ہوئی کہ زوجۂ محترمہ و مکرمہ، مرجعِ عالیقدر حضرت آیۃ اللہ العظمٰی السید علی الحسینی السیستانی (دام ظلُّہ الوارف) اس دارِ فانی سے رحلت فرما گئیں اور اپنے ربِّ کریم کے جوارِ رحمت میں جا پہنچیں۔
مرحومہ نہایت بافضیلت، باحجاب، نیک سیرت، عابدہ و زاہدہ اور خادمۂ دین تھیں۔ اُن کی سراپا زندگی اخلاص، تقویٰ، بندگی و عبادت اور خدمتِ اسلام سے معمور رہی۔ بلاشبہ اُن کی رحلت محض خانوادۂ مرجعِ عالیقدر کے لئے ہی نہیں بلکہ تمام اُمتِ مسلمہ، حوزاتِ علمیہ اور محبّانِ اہلِ بیتؑ کے لئے ایک عظیم اور ناقابلِ تلافی سانحہ ہے۔
خداوند متعال قرآن کریم میں ارشاد فرماتا ہے:﴿كُلُّ نَفْسٍ ذَائِقَةُ الْمَوْتِ﴾"ہر ذی روح کو موت کا مزہ چکھنا ہے۔"
مگر وہ نفوسِ قدسیہ جو عمر بھر تقویٰ، عبادت اور ولایت کی راہ پر گامزن رہیں، اُن کی رحلت دراصل فنا نہیں بلکہ ایک ابدی حیات یعنی قربِ معصومین علیہم السلام اور اعلیٰ علیین کی طرف ہجرت ہے۔
ہم بارگاہِ ربِّ ذوالجلال میں دست بہ دعا ہیں کہ وہ مرحومہ کو جوارِ جناب سیدہ سلام اللہ علیہا میں جگہ عطا فرمائے، اُن کی مغفرت کرے، اُن پر اپنی رحمتیں نازل کرے اور اُنہیں ہمیشہ کے لئے قربِ ولایت سے بہرہ مند کرے۔ ساتھ ہی مرجعِ عالیقدر، اُن کے مکرم و محترم خانوادے اور تمام اہلِ ایمان کو اس عظیم مصیبت پر صبرِ جمیل و اجرِ جزیل عطا فرمائے۔
وما توفیقی اِلّا باللہ العلی العظیم
با کمالِ حزن و الم: مجمعُ علماء و خطباء حیدرآباد دکن









آپ کا تبصرہ