حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران میں اسلامی ثقافت و ارتباطات تنظیم اور ایرانولوجی فاؤنڈیشن کے تعاون سے بین الاقوامی ایران شناسی کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس سال کانفرنس کا موضوع "ایران اسٹڈیز میں رابطہ سازی اور مسائل کا حل" تھا، جس کا مقصد ایران شناسی کے میدان میں ہونے والی تحقیق اور نئی صلاحیتوں کو سامنے لانا تھا۔ کانفرنس کے پروگرام تہران اور شیراز، دونوں شہروں میں ہوئے۔
اس علمی اجتماع میں اسپین، اٹلی، یونان، چین، ہندوستان، روس سمیت کئی ملکوں سے 50 سے زیادہ محققین اور ایران شناس شریک ہوئے۔
خصوصی طور پر ہندوستان سے پروفیسر اختر حسین کاظمی (جے این یو) اور پروفیسر علی کاظم (علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) نے بھی شرکت کی۔
کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایران شناسی، ثقافتی رابطوں اور عالمی علمی تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے۔ تہران کی مختلف یونیورسٹیوں میں ہونے والے جلسوں میں سیاحت، فارسی زبان، ٹیکنالوجی، اور ایران کی روحانی و ثقافتی میراث جیسے موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ کانفرنس کا آخری اجلاس شیراز یونیورسٹی میں منعقد ہوا۔
اس پروگرام کی سرپرستی وزارتِ علوم، وزارتِ میراثِ فرہنگی اور وزارتِ امورِ خارجہ نے کی۔ کانفرنس کے لیے ملک اور بیرون ملک سے 300 سے زیادہ تحقیقی مقالات موصول ہوئے، جن میں سے 100 کو ایک خلاصہ کتاب کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جبکہ مکمل مقالات کانفرنس کے بعد شائع کیے جائیں گے۔









آپ کا تبصرہ