حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ آرگنائزیشن لاہور ریجن (شعبۂ خواتین) اور خانۂ فرہنگ اسلامی جمہوری ایران لاہور کے زیر اہتمام عالمی یومِ خواتین کی مناسبت سے ایک سیمینار بعنوانِ ’’انا عطیناک الکوثر‘‘ منعقد ہوا؛ جس میں تمام مکاتبِ فکر کے اسکالرز نے عظمتِ جناب سیدہ سلام اللہ علیہا بیان کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایران کے سابق نائب وزیر خارجہ ڈاکٹر مہدی مصطفائی تھے، جبکہ ڈی جی خانۂ فرہنگ ڈاکٹر اصغر مسعودی نے خصوصی شرکت کی۔
سیمینار میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے تمام یونٹس سے خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیمینار سے جماعتِ اسلامی پاکستان کی مرکزی رہنما ڈاکٹر حمیرا طارق، مجلس وحدت مسلمین کی رہنما معصومہ نقوی، ریجنل ناظمہ امامیہ آرگنائزیشن پاکستان لاہور شازیہ قاسم، ممتاز فاضلہ خانم زہراء نقوی، سکالر ڈاکٹر ندا جعفری سمیت دیگر نے خطاب کیا۔

مقررین نے سیدہ فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت کے نورانی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ سیدہ کائنات کی پوری زندگی ایک جامع اور مکمل نمونۂ عمل ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر خواتین اپنی دنیا و آخرت دونوں کامیاب بنا سکتی ہیں۔
ڈاکٹر مہدی مصطفائی نے کہا کہ امام خمینیؒ نے فرمایا تھا کہ اگر کسی دن کو یومِ مادر کہا جا سکتا ہے تو وہ سیدہ کائنات کا یومِ ولادت باسعادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیدہؑ کی سیرت خواتین کیلیے ایک روشن راستہ ہے، سیدہ کائنات نے بطورِ بیٹی، بطورِ بیوی اور بطورِ ماں ایسا مثالی اور شاندار کردار ادا کیا کہ رہتی دنیا تک اس کی کوئی اور مثال ملنا مشکل ہے۔
ریجنل ناظمہ امامیہ آرگنائزیشن پاکستان لاہور محترمہ شازیہ قاسم کا کہنا تھا کہ سیدہ کی سیرت ہمارے لیے مشعل راہ ہے، سیدہ نے ہر میدان میں مثالی کردار ادا کیا۔

محترمہ شازیہ قاسم نے کہا کہ سیدہؑ نے دربار میں جا کر ثابت کیا کہ حق کیلیے لڑنا ہو تو عورت کو میدان میں آنے سے بھی ہچکچانا نہیں، بلکہ حق کی حرمت کیلیے آواز بلند کرنا ہو گی اور یہی وہ تربیت تھی جو سیدہ کائناتؑ نے جناب زینب سلام اللہ علہیا کی کی، اس کا رنگ ہمیں دربار شام میں دکھائی دیتا ہے، جب علیؑ کی شیر بیٹیؑ علیؑ کے لہجے میں دشمن کو للکار رہی تھی اور پورے دربار پر سکتہ طاری تھا۔









آپ کا تبصرہ