پیر 9 مارچ 2026 - 04:56
سکردو: شہیدِ راہِ رہبری سوید عباس کی نمازِ جنازہ ادا، ہزاروں افراد کی شرکت

حوزہ/ شہیدِ راہِ رہبری سوید عباس ولد بشارت حسین (ساکن حسین آباد) کی نمازِ جنازہ بروز ہفتہ 07 مارچ 2026ء بعد از نمازِ ظہرین مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو میں آغا مظاہر موسوی کی اقتداء میں ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں مؤمنین و عزادارانِ اہلِ بیتؑ کی ہزاروں کی تعداد میں شرکت ہوئی جبکہ اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شہیدِ راہِ رہبری سوید عباس ولد بشارت حسین (ساکن حسین آباد) کی نمازِ جنازہ بروز ہفتہ 07 مارچ 2026ء بعد از نمازِ ظہرین مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو میں آغا مظاہر موسوی کی اقتداء میں ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں مؤمنین و عزادارانِ اہلِ بیتؑ کی ہزاروں کی تعداد میں شرکت ہوئی جبکہ اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

نمازِ جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انجمنِ امامیہ بلتستان کے سینئر نائب صدر شیخ زاہد حسین زاہدی نے کہا کہ شہادتیں ہماری قوم کے حوصلوں کو مزید بلند کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کربلا کے پیروکار ہیں، ہمیں شہادتوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر پیش کردہ چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کرے اور سکردو میں نافذ کرفیو کو فوری ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سکردو میں الحمدللہ امن و امان کی فضا برقرار ہے، تاہم غیر ضروری کرفیو اور سختیوں کی وجہ سے عوام میں اضطراب بڑھ رہا ہے۔ لہٰذا حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور شہداء کے خانوادوں کے زخموں پر مزید نمک پاشی سے گریز کرتے ہوئے عوامی مطالبات فوری منظور کرے۔

نمازِ جنازہ کے بعد مؤمنین کی بڑی تعداد نے مرکزی جامع مسجد سکردو سے حسین آباد تک شہید کے جسدِ خاکی کے ہمراہ جلوس کی صورت میں شرکت کی۔ آہوں اور سسکیوں کے ماحول میں شہید کو آبائی قبرستان حسین آباد میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

آخر میں شہید کے لیے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha