جمعہ 3 اپریل 2026 - 20:54
ایران، قرآن کریم کے عالمی وعدوں کی تکمیل کا علمبردار ہے: آیت اللہ اراکی

حوزہ/ آیت اللہ محسن اراکی نے کہا ہے کہ ملتِ ایران ولایت، ایثار اور شہادت کے علوی و عاشورائی جذبے کے ساتھ نہ صرف مکتبِ امیرالمؤمنین علیہ السلام کی حقیقی نمائندہ ہے بلکہ قرآن کے عالمی وعدوں کی تکمیل میں بھی مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرمِ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں شہید سید عبدالرحیم موسوی کےلی تشییع جنازہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ محسن اراکی نے کہا کہ مکتبِ امیرالمؤمنین علیہ السلام دراصل عشقِ الٰہی، وفاداری اور راہِ خدا میں جان نچھاور کرنے کا مکتب ہے، اور ملتِ ایران آج اسی علوی و عاشورائی راستے پر ثابت قدم دکھائی دیتی ہے۔

انہوں نے قرآن کریم کی آیت «یحبهم و یحبونه» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ الٰہی شعار ہے جو سب سے پہلے امیرالمؤمنین علیہ السلام کی ذاتِ اقدس میں جلوہ گر ہوا، اور آج یہی شعار پیروانِ ولایت، بالخصوص ملتِ ایران کی روحانی شناخت بن چکا ہے۔

آیت اللہ اراکی نے کہا کہ ایرانی قوم کو یہ تاریخی امتیاز حاصل ہے کہ وہ قرآن کی ان بشارتوں کی عملی تعبیر بن رہی ہے جن میں دینِ اسلام اور قرآنی تعلیمات کے عالمی فروغ کا وعدہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ولایت سے وابستگی نے ملتِ ایران کو ایسا عزم، بصیرت اور استقامت عطا کی ہے کہ وہ استکباری طاقتوں کے مقابل ڈٹ کر کھڑی ہے۔

انہوں نے شہید سید عبدالرحیم موسوی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مخلص، باایمان اور فداکار کمانڈر ملتِ ایران کے لیے عملی نمونہ ہیں۔ ان کے بقول شہداء کی یہی روحِ ایثار آج ایران کو مختلف میدانوں میں حیرت انگیز استقامت اور حضور عطا کر رہی ہے۔

آیت اللہ اراکی نے مزید کہا کہ آج ایران خدا، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امیرالمؤمنین علیہ السلام کی محبت کا نمایاں مرکز بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملتِ ایران کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس نے ہمیشہ اپنے بہترین فرزند راہِ خدا میں پیش کیے ہیں، اور شہداء کا پاک خون ہی انقلاب اسلامی کی حیات، پائیداری اور پیش رفت کی ضمانت ہے۔

خطاب اختتام پر آیت اللہ اراکی نے عوام، خصوصاً نوجوانوں، سے میدانِ جہاد و خدمت میں فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دفاعِ دین اور دفاعِ وطن کے محاذ پر کھڑا ہونا ایک عظیم اعزاز ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha